0
Tuesday 4 May 2021 18:37

امیر المومنین علی (ع) کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں، حجت الاسلام محمد حسین حیدری

امیر المومنین علی (ع) کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں، حجت الاسلام محمد حسین حیدری
اسلام ٹائمز۔ جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے صدر حجت الاسلام محمد حسین حیدری نے امیرالمؤمنین حضرت امام علی ابن ابی طالب (ع) کی مظلومانہ شہادت کے موقع پر فرزند علی (ع) حجت دوراں حضرت ولی عصر (عج) اور تمام اہل اسلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امیرالمومنین کی سرخروئی یہی کہ آپ (ع) کی زندگی میں آپ کے سامنے جتنے محاذ کھڑے کیے گئے، آپ علیہ السلام ان میں سرخرو رہے۔ حضرت علی علیہ السلام کی زندگی ہر رخ سے ایک آفتاب درخشندہ ہے۔ علم، حلم، عبادت، خطابت، شجاعت، ریاضت، تلاوت ہر ایک وصف گویا منفرد تھا۔ حضرت علی علیہ السلام کی امتیازی صفات اور خدمات کی بنا پر رسول اللہ ان کی بہت عزت کرتے تھے اور اپنے قول اور فعل سے ان کی خوبیوں کو ظاہر کرتے رہتے تھے۔ پچیس برس تک رسول کے بعد حضرت علی نے خانہ نشینی میں بسر کی اور جب 35ھ میں مسلمانوں نے خلافت ُ اسلامی کا منصب حضرت علی کے سامنے پیش کیا تو آپ نے اس شرط سے منظور کیا کہ میں بالکل قرآن اور سنت ُ پیغمبر کے مطابق حکومت کروں گا اور کسی رو رعایت سے کام نہ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ گھرانہِ شیرِ خدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، امیر المومنین حضرت علی المرتضیؑ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔ افسوس ہے کہ یہ امن، مساوات اور اسلامی تمدّن کے عظیم علمبردار ظالموں سے محفوظ نہ رہ سکے اور 19 ماہ رمضان 40 ھ کو صبح کے وقت مسجد میں نماز کی حالت میں شقی ترین شخص کی زہر میں آلودہ تلوار سے زخمی ہوئے اور دو روز تک حضرت علی علیہ السّلام بستر بیماری پر انتہائی کرب اور تکلیف کے ساتھ رہے۔ آخرکار زہر کا اثر جسم میں پھیل گیا اور 21 رمضان کو نمازِ صبح کے وقت آپ کی شہادت واقع ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 930712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش