0
Tuesday 4 May 2021 19:32

مزاحمتی محاذ پوری طرح بیدار اور صیہونیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریگا، احمد المدلل

مزاحمتی محاذ پوری طرح بیدار اور صیہونیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریگا، احمد المدلل
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی فورس الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنما احمد المدلل نے اپنے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ زعترہ کی فدائی کارروائی اُس غاصب صیہونی رژیم کے مظالم کا ایک فطری جواب ہے جو قدیم فلسطینی محلے الشیخ جراح کے رہائشیوں کی تمام ریڈ لائنوں کو عبور کرتے ہوئے اُنہیں ان کے گھربار سے نکال باہر کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ احمد المدلل نے کہا کہ اگر صیہونی دشمن یہ سمجھتا ہے کہ فلسطینی قوم اور اس کا مزاحمتی محاذ صیہونی جرائم کے سامنے خاموش رہے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ زعترہ کی فدائی کارروائی ایک انتہائی مناسب وقت پر وقوع پذیر ہوئی ہے جس نے نہ صرف اپنا ہدف انتہائی کامیابی کے ساتھ حاصل کر کے فلسطینیوں کے زخمی دلوں پر مرہم رکھی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی عوامی مزاحمت کی بھی کھل کر حمایت کی ہے۔

فلسطینی خبررساں ایجنسی سما کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے مرکزی رہنما نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی دشمن صرف اور صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے، کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کا اصلی خوف، فلسطینیوں اور محلہ شیخ جراح کے رہائشیوں کے خلاف اس کے سنگین جرائم کے جواب میں اسی جیسی دوسری کارروائیوں کے آغاز سے ہے۔ احمد المدلل نے تاکید کی کہ زعترہ کی بہادرانہ کارروائی واضح کرتی ہے کہ مزاحمتی محاذ بیدار ہے جبکہ فوجی، سکیورٹی اور حکومتی سازباز جیسی رکاوٹیں مزاحمتی محاذ کی کاری ضربتوں کے مقابلے میں غاصب صیہونی آبادکاروں اور فوجیوں کو کوئی ڈھال فراہم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عنقریب فلسطینی سرزمین غاصب صیہونیوں کے لئے قبرستان میں بدلنے والی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ شب شہر نابلس میں واقع زعترہ کی ایک صیہونی چوکی پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 3 صیہونی فوجی زخمی ہو گئے تھے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
خبر کا کوڈ : 930717
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش