QR CodeQR Code

پشاور، اسپتال میں توڑ پھوڑ پر اپوزیشن ارکان اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج

4 May 2021 21:38

تھانہ حیات آباد پولیس نے ایم پی اے نگہت اورکزئی اور شفیق شیر کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس میں نامعلوم افراد بھی نامزد کیے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور پر چڑھائی کرنے پر اراکین صوبائی اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ حیات آباد پولیس نے ایم پی اے نگہت اورکزئی اور شفیق شیر کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس میں نامعلوم افراد بھی نامزد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں دونوں اراکین اسمبلی پر اسپتال میں توڑ پھوڑ، طبی عملے کو زدوکوب اور حراساں کرنے، اپنے ساتھ مسلح افراد لانے سمیت دیگر الزامات لگائے گئے ہیں۔ ایم پی اے نگہت اورکزئی اور شفیق شیر نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی ہاتھا پائی کی، اسپتال میں ایمبولینسز کا راستہ روکا اور ایمرجنسی میں انارکی پھیلائی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی عملہ کو یرغمال بناکر تشدد کا نشانہ بنانے اور توڑپھوڑ کا نوٹس لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہسپتالوں میں اس طرح کے واقعات غیر قانونی اور ناقابل برداشت ہیں، کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، ان کا احترام اور تحفظ سب سے مقدم ہے، ہسپتالوں میں طبی عملے کی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بیان میں کہا ہے کہ باڑہ میں فائرنگ سے جاں بحق بچے کے بعد لواحقین کو طبی عملہ پر تشدد پر اکسانا اور اشتعال دلانا ناقابل برداشت ہے، اپوزیشن کے دو ایم پی ایز کے ایماء پر ہسپتال میں تشدد اور توڑ پھوڑ افسوسناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 930751

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930751/پشاور-اسپتال-میں-توڑ-پھوڑ-پر-اپوزیشن-ارکان-اسمبلی-کیخلاف-مقدمہ-درج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org