QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کیجانب سے میانمار میں سویلین حکومت کے خاتمے کیخلاف سینیٹ میں قرارداد پیش

4 May 2021 22:51

سینیٹر مشتاق خان کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے اکثر ممالک میں اب بھی عوام کی رائے اور مرضی کو روندتے ہوئے ریاستی تحفظ کی آڑ میں فوجی آمریت بلواسطہ یا بلاواسطہ جمہوری اداروں اور جمہوریت کو پامال کر رہی ہے، جسکی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ آف پاکستان میں میانمار میں سویلین حکومت کے خاتمے اور وہاں پر فوجی آمریت کے تسلط کے خلاف اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جانب سے پاس کردہ قرارداد کے حق میں قرارداد پیش کی ہے، جس میں میانمار کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وہاں کی منتخب حکومت کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور وہاں کے عوام کی طرف سے جمہوریت کی بحالی کے لئے جاری پُرامن جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سول اور پولیٹیکل رائٹس کے چارٹر اور جنرل اسمبلی کے 1948ء کی ڈیکلریشن کہ جس میں ”عوام کی  رائے اور مرضی کے مطابق انتخاب حکومت“ کی مکمل حمایت اور تائید کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے اکثر ممالک میں اب بھی عوام کی رائے اور مرضی کو روندتے ہوئے ریاستی تحفظ کی آڑ میں فوجی آمریت بلواسطہ یا بلاواسطہ جمہوری اداروں اور جمہوریت کو پامال کر رہی ہے، جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔

ایوان بالا اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ فوجی اور غیر منتخب قوتوں کی مداخلت کے بغیر جمہوریت کا استحکام ناممکن ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دارالحکومت پاکستان اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے والے سیاسی ورکرز اور سول سوسائٹی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یادگار قائم کئے جائیں۔ اقوام متحدہ کے ممبر ممالک کے ساتھ مل کر ایسا طریقہ کار وضح کیا جائے، جس کے مطابق دنیا بھر میں فوجی آمریت کے خلاف جمہوریت کو تحفظ دیا جائے۔ میانمار میں جمہوری قوتوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے اور اقوام متحدہ کے ذریعے سے وہاں جمہوریت کی بحالی کے اقدامات کی تائید کی جاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 930765

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930765/جماعت-اسلامی-کیجانب-سے-میانمار-میں-سویلین-حکومت-کے-خاتمے-کیخلاف-سینیٹ-قرارداد-پیش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org