0
Wednesday 5 May 2021 17:32
مسئلہ فلسطین و کشمیر کیخلاف بات کرنا قومی جرم قرار دیا جائے، مطالبہ

شیعہ عمائدین کا عالمی یوم القدس 24 رمضان کو منانے کا واضح اعلان

مرکزی آزادی بیت المقدس ریلی کراچی میں نکالی جائیگی
شیعہ عمائدین کا عالمی یوم القدس 24 رمضان کو منانے کا واضح اعلان
اسلام ٹائمز۔ موجودہ حکمران پاکستان کو عرب ریاستوں کے نقش قدم پر چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ان کی طرح پاکستان بھی اسرائیل کو تسلیم کرلے، لیکن ہم یہ باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاملے پر قائداعظمؒ کے فرمان سے ہرگز رو گردانی نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی صدر آئی ایس او عارف حسین الجانی، رہنما شیعہ ایکشن کمیٹی علامہ مرزا یوسف حسین، رہنما ذاکرین امامیہ علامہ نثار قلندری، رکن مرکزی نظارت آئی ایس او مولانا عقیل موسیٰ، سیکریٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان صابر ابو مریم نے کیا۔ عمائدین ملت جعفریہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال عالمی یوم القدس 24 رمضان المبارک کو منایا جائیگا، اس سلسلے ملک بھر تحریک آزادی قدس کی جانب سے ریلیاں اور کانفرنس منعقد کی جائیں گی، ملک بھر میں 50 سے زائد ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ مرکزی آزادی بیت المقدس ریلی کراچی میں نمائش تا تبت سینٹر نکالی جائیگی، جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماء خطاب کریں گے۔

رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کئی دہائیوں سے عالمی مسئلہ بنا ہوا ہے، لیکن عرب حکمرانوں کی کم عقلی اور استعماری قوتوں کے ہاتھوں غلامی کا تاج پہننے کے شوق نے مسئلہ فلسطین کو علاقائی مسئلہ بنا دیا ہے اور اس کی حساسیت کو کم کرنے کی کوشش کی، لیکن جب تک پاکستان میں و دیگر اسلامی ممالک میں انسانیت کے حقیقی علمبردار موجود ہیں، اس مسئلے کو کسی صورت دبنے نہیں دیں گے، کیونکہ مسئلہ فلسطین اسلامی مسئلے کے ساتھ ساتھ انسانیت کا مسئلہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، اور اسی قبلہ اول کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے حضرت امام خمینیؒ نے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانے کا اعلان کیا تھا، اس فرمان پر لبیک کہتے ہوئے دنیا بھر میں ہر سال یوم القدس منایا جاتا ہے، جو کہ صہیونی ریاست کے منہ پر ایسا تماچہ ہے، جسکی گونج دنیا بھر میں سنی جا سکتی ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بحیثیت پاکستانی ہمارا یہ دینی اور اسلامی اور قومی فریضہ ہے کہ ہم فلسطین اور انکی تحریک کی حمایت کریں، قائداعظم محمد علی جناحؒ کا اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا بیان مسئلہ فسلطین کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، لہذاٰ گر کوئی یہ سمھجتا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین سے خیانت کریگا اور ظالم صہیونی ریاست کو قبول کرلے گا تو یہ انکی بھول ہے۔ رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے خلاف بات کرنا قومی جرم قرار دیا جائے، عالمی یوم القدس کو باقاعدہ سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا جائے اور اس مسئلہ فلسطین کے حق میں پارلیمنٹ میں قرار داد پیش کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 930923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش