QR CodeQR Code

شہر کی من پسند جگہوں پر بازار کھلے ہیں جو تعصب پھیلا رہے ہیں، فاروق ستار

5 May 2021 22:20

کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر جو کاروباری پابندیاں لگائی ہیں اس کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ کچھ وقت کے لئے تجارتی مراکز اور بازار کھولنے سے بے تحاشہ رش ہے، اس سے نہ سانپ مرے گا اور نہ لاٹھی ٹوٹے گی


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں ہمارا روزگار ہم سے چھین لیا گیا ہے، شہر کی من پسند جگہوں پر بازار کھلے ہیں جو تعصب پھیلا رہے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی سندھ اور کراچی کو نظرانداز کیا، صوبائی حکومت نے ظلم و ناانصافی کراچی کیساتھ کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں روزگار چھینا جاچکا ہے، ڈگری والے نوجوان کو نوکری مل جائے بڑی بات ہوگی، کراچی کے ڈومیسائل ہونے کے باوجود نوجوان سرکاری نوکریوں سے محروم ہیں، پہلے چھوٹی صنعتیں پھر سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند کردیئے گئے۔ سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر جو کاروباری پابندیاں لگائی ہیں اس کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ کچھ وقت کے لئے تجارتی مراکز اور بازار کھولنے سے بے تحاشہ رش ہے، اس سے نہ سانپ مرے گا اور نہ لاٹھی ٹوٹے گی، کووڈ ایسے ہی پھیلتا رہے گا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز تعصب کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کئی علاقوں میں 24 گھنٹے بازار کھلے ہیں جس سے عوام میں تعصب پھیل رہا ہے، کمشنر نوٹس لیں اور آئی جی سندھ بھی اپنے اہلکاروں کو رشوت وصولی سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے دینے والے ہاتھ لینے والے بن گئے ہیں، تاجروں نے ٹیکس دینے سے انکار کردیا تو پھر کیا ہوگا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں کورونا کم ہے، ویکسی نیشن سینٹر بنائے جائیں اور ویکسین 30 سال کے لوگوں کو لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 24 گھنٹے بازار کھلے ہیں، سعودی آرام سے خریداری کرکے آجاتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 930961

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930961/شہر-کی-پسند-جگہوں-پر-بازار-کھلے-ہیں-جو-تعصب-پھیلا-رہے-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org