0
Wednesday 5 May 2021 23:15

یوم القدس، گلگت بلتستان میں 60 سے زائد مقامات پر ریلیاں نکالی جائیں گی، شاہد رضا

یوم القدس، گلگت بلتستان میں 60 سے زائد مقامات پر ریلیاں نکالی جائیں گی، شاہد رضا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی 7 مئی جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ گلگت بلتستان اور دیامر ریجن میں بعد از نماز جمعہ 60 سے زائد مقامات پر القدس کی ریلیاں نکالی جائینگی، جن کی قیادت علماء کرام، اکابرین اور ملی تنظیموں کے رہنما کرینگے۔ مرکزی القدس ریلی بعد از نماز جمعہ مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت سے خزانہ روڑ تک نکالی جائیگی، جس کی قیادت آغا سید راحت حسین الحسینی اور صدر مرکزی امامیہ کونسل وزیر محمد مظفر عباس کرینگے۔ القدس ریلیوں میں تمام مکاتب فکر کے علماء، مذہبی و سیاسی اکابرین اور بڑی تعداد میں عوام الناس کی شرکت متوقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی امامیہ کونسل کے جنرل سکریٹری شاہد رضا نے امامیہ کونسل آفس گلگت میں ملی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس کے بعد جاری اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا یوم القدس کے دن احتجاجی مظاہروں میں پورا گلگت بلتستان امریکہ اور اسرائیل مردہ کے نعروں سے گونج اٹھے گا۔ امریکہ اور اسرائیل کے پرچم اور ان کے سربراہوں کے پتلے نذرآتش کرکے ان کے مکرو چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے دنیا کو پیغام دینگے کہ غاصب صیہونی ریاست کی نابودی اور امریکہ کی بربادی تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے قلب پر خنجر کے مانند ہے۔ جب تک یہ ناجائز ریاست دنیا کے نقشے سے مٹ نہیں جاتا دنیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ مسلم اقوام اپنے صفوں میں وحدت کے ذریعے انسانیت کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے شیطانی منصوبے ناکام بنا سکتے ہیں۔ بقول امام خمینی رضوان اللہ مسلمان متحد ہو کر ایک ایک بالٹی پانی ڈال دے تو اسرائیل تباہ ہو جائیگا۔انہوں نے کہا غاصب صیہونی ریاست جس کی بنیاد ظلم پر ہے اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کی ہے، کے خلاف پاکستان میں حکومتی سطح پر یوم القدس منانے کی ضرورت ہے لیکن نہ معلوم کن مجبوریوں کی وجہ سے حکمران کتراتے ہیں۔ انہوں نے القدس کے مسئلہ پر عرب حکمرانوں کے کردار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا عرب حکمرانوں کا منافقانہ رویہ القدس کی آزادی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

جنرل سیکرٹری امامیہ کونسل کا مزید کہنا تھا کہ عرب ممالک کے سربراہ ہر مسئلے کو عربوں کا مسئلہ قرار دیکر اس کیلئے شب و روز کوششیں کرتے ہیں، لیکن فلسطین کے مسئلے پر انکا رویہ ہمیشہ منافقانہ اور انتہائی کمزور رہا ہے۔ عالمی اداروں کی خاموشی، عرب حکمرانوں کا رویہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے دوہرے معیار اور عالمی برادری کی عدم توجہ اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و وحدت اور اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے حل کیلئے میدان عمل میں آجائے، یوم القدس اس بات کا بہترین موقع ہے کہ ہم امت واحدہ کی صورت میں اپنے تمام تر فروعی اختلافات اور مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے قبلۂ اوّل کی آزادی کیلئے سراپا احتجاج بن جائیں۔
خبر کا کوڈ : 930976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش