QR CodeQR Code

صدر زرداری کا الطاف حسین سے رابطہ، ایم کیو ایم کو حکومت میں دوبارہ شمولیت کی دعوت

19 Aug 2011 20:53

اسلام ٹائمز:صدارتی ترجمان فرحت الله بابر کے مطابق ایوان صدر میں پی پی کی وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اہم اراکین کو خصوصی اجلاس میں بلایا گیا اور کراچی میں امن وامان قائم کرنے کیلئے گورنر، وزیر اعلی اور صوبائی وزیر داخلہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ حکومتی امیدیں اور متحدہ کی نرم روی کے بعد بالآخر صدر زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کو حکومت میں دوبارہ شامل ہونے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے، صدارتی ترجمان فرحت الله بابر کے مطابق ایوان صدر میں پی پی کی وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اہم اراکین کو خصوصی اجلاس میں بلایا گیا تھا۔ ڈیڑھ گھنٹہ تک پارٹی اجلاس کے بعد اسی اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد بھی شریک ہوئے۔ صدر مملکت نے اس دوران الطاف حسین کو فون کیا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ پی پی اور ایم کیو ایم میں تفریق چاہتے ہیں جبکہ الطاف حسین نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے ہر فیصلے کا احترام کریں گے، اجلاس میں قیام امن کیلئے کراچی میں خفیہ اداروں کے نیٹ ورک کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی جو گورنر، وزیراعلی، وزیر داخلہ پر مشتمل ہوگی۔ یہ کمیٹی ایوان صدر کو کراچی میں امن و امان سےآگاہ رکھے گی۔
اجلاس میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کی مالی معاونت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سیاسی وابستگی کسی جرائم پیشہ کی ڈھال نہیں بننے دی جائے گی، سندھ حکومت مجرموں کی گرفتاری کے لئے بلوچستان حکومت سے تعاون حاصل کرے گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کراچی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حساس ادارے کراچی کے حالات سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹس، تجزیہ اور سفارشات پارلیمنٹ کے سامنے پیش کریں۔


خبر کا کوڈ: 93098

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/93098/صدر-زرداری-کا-الطاف-حسین-سے-رابطہ-ایم-کیو-کو-حکومت-میں-دوبارہ-شمولیت-کی-دعوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org