0
Thursday 6 May 2021 12:37

جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات

جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے علاقائی امن و استحکام کے لیے کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) جنرل فیاض بن حمد الرویلی نے یہ یقین دہانی کرائی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس وقت سعودی عرب کے 4 روزہ دورے پر ہیں۔ آرمی چیف کا دورہ جمعہ سے شروع ہونے والے وزیراعظم عمران خان کے سرکاری دورے سے پہلے ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 'سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف نے علاقائی تعاون، امن اور استحکام کو بہتر بنانے کے لیے سلطنت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں کمانڈرز نے علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل اور دوطرفہ عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دوطرفہ فوجی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ اس سے علاقائی امن و سلامتی پر مثبت اثر پڑے گا۔ قبل ازیں 29 اپریل کو ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نےبریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ مئی کے شروع میں وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ہم منصب سے ریاض میں ملاقات ہوئی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ کے خاتمے اور تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے پہنچے تھے۔ سعودی وزارت دفاع نے ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعودی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل فیاض بن حماد الرویلی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ بعد ازاں سعودی ہم منصب اور سعودی عرب کے کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (اسٹاف) فہد بن ترکی السعود سے آرمی چیف اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد نے ملاقات کی اور انہیں سعودی وزارت دفاع میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔ ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ اور میجر جنرل فیاض بن حماد نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعاون کی نئی جہتوں اور انہیں مضبوط اور مستحکم بنانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 931067
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش