0
Thursday 6 May 2021 17:10

این اے 249، ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری، پیپلز پارٹی کے سوا تمام جماعتوں کا بائیکاٹ

این اے 249، ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری، پیپلز پارٹی کے سوا تمام جماعتوں کا بائیکاٹ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے، تاہم پیپلز پارٹی کے سوا تمام جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 249 کے ضمنی انتخاب کی دوبارہ گنتی کا معاملہ متنازع ہوگیا ہے، ووٹوں کے بوروں پر سے سیل غائب، فارم 45 بھی نہیں دیئے گئے، پیپلز پارٹی کے سوا ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کردیا۔ پی ایس پی کے رہنما حفیظ الدین نے کہا ہے کہ ووٹوں کے بوروں پر سیل مہر ہی نہیں تھی، اس لئے ہم ری کاؤنٹنگ کا بائیکاٹ کرتے ہیں، دریں اثناء تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے بھی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کردیا۔

پی ٹی آئی کے امیدوار امجد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے درخواست دی کہ فارم 45 اور 46 نہیں ملے، جب فارم ہی نہیں ملے تو کس طرح ری کاؤنٹنگ میں بیٹھیں، 2 تھیلے ہمارے سامنے لاکر رکھے گئے لیکن کسی پر بھی سیل نہیں تھی، عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔ امجد آفریدی نے کہا ہم نے درخواست کی ہے کہ فرانزک کرایا جائے، 29 اپریل کا الیکشن تاریخ کا بدترین الیکشن ہے، 17 ہزار ووٹرز جنھوں نے 2018ء میں ووٹ کاسٹ کیا تھا انہیں منتقل کردیا گیا، میرے اور بھائی کے خاندان میں بھی ووٹوں کو تبدیل کیا گیا، سندھ حکومت نے ووٹرز کو یہاں سے ٹرانسفر کیا ہے، اسی طرح 10 ہزار سے زائد بوگس ووٹ بھی ڈالا گیا، ہمارا مطالبہ ہے، 2018ء کی ووٹر لسٹوں پر دوبارہ ری پولنگ کرائی جائے۔

ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہمیں جو فارم 45 ملے تھے اس میں 165 پر دستخط نہیں تھے، غیر استعمال شدہ بیلٹ گنے جاتے ہیں جو نہیں گنے گئے، جو ٹھپے لگتے ہیں وہ غیر استعمال شدہ بیلٹ پر لگتے ہیں، جب پول ہوچکا تھا تو ہم نے کہا ایک بار دوبارہ گن لو آرام سے، لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی، پہلے باکس کی سیل نہ تھی کسی نے پوچھا تو کہنے لگے گر گئی ہوگی۔ انہوں نے کہا کتنے بیلٹ پیپر آئے اور کتنے استعمال ہوئے، اس کا ریکارڈ نہیں دیا جا رہا، جو بیلٹ پیپر استعمال نہیں ہوئے اس کا ریکارڈ بھی ہم نے مانگا ہے، آر او نے کہا ہے فارم 46 نہیں دیں گے جو قانون کی خلاف ورزی ہے، ہم دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 931099
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش