0
Thursday 6 May 2021 18:01
عالمی یوم القدس

غاصب صیہونی رژیم کیساتھ محمود عباس حکومت کے وسیع سکیورٹی تعاون پر فلسطینی قوم غضبناک

غاصب صیہونی رژیم کیساتھ محمود عباس حکومت کے وسیع سکیورٹی تعاون پر فلسطینی قوم غضبناک
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مغربی کنارے میں غاصب صیہونی فوجیوں پر ہونے والی فائرنگ کے بعد فلسطینی مزاحمتکاروں کی گرفتاری کے لئے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ محمود عباس کی فلسطینی حکومت کے سکیورٹی تعاون پر مبنی اسرائیلی رپورٹ کی اشاعت کے بعد فلسطینی عوام نے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ فلسطینی حکومت کے سکیورٹی تعاون کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ فلسطینی اخبار "عرب48" کے مطابق غاصب صیہونیوں نے زعترہ کے مقام پر اپنے خلاف ہونے والی فائرنگ، جس کے نتیجے میں 1 صیہونی فوجی ہلاک اور 2 شدید زخمی ہو گئے تھے، کے الزام میں 44 سالہ فلسطینی مزاحمتکار "منتصر شبلی" کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔

صیہونی پولیس کے مطابق فلسطینی حکومت کی جانب سے ملنے والی اطلاع کے بعد اسرائیلی سکیورٹی فورسز (شاباک) کے "یمام" یونٹ نے فلسطینی صوبے رام اللہ کے سلواد ٹاؤن میں آپریشن کرتے ہوئے 44 سالہ منتصر شبلی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے منتصر شبلی کی اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں دینے کے بعد اس کے نوجوان بیٹے کو بھی باپ کے ہمراہ گرفتار کر لیا ہے۔ منتصر شبلی کی اہلیہ سناء شبلی نے اپنی گفتگو میں میڈیا کو بتایا کہ غاصب صیہونی رژیم کے سکیورٹی اہلکاروں کے حملے سے کچھ قبل فلسطینی حکومت کے سکیورٹی اہلکاروں نے اس کے گھر میں گھس کر اس کے شوہر کے بارے پوچھ گچھ کی تھی۔ سناء شبلی کا کہنا تھا کہ وہ قبل از وقت جانتی تھی کہ حکومت و دولت کے نشے میں چور فلسطینی حکومتی اہلکاروں کے نکلنے کے فورا بعد غاصب صیہونی فوجی گھر پر حملہ آور ہو جائیں گے۔

منتصر شبلی کی اہلیہ کے اس بیان کی اشاعت کے بعد سوشل میڈیا یوزرز سمیت فلسطین کے تمام عوامی حلقوں کے جانب سے محمود عباس کی فلسطینی حکومت کو غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ سازباز اور فلسطینی قوم اور اس کے مزاحمتی محاذ کے ساتھ خیانت کا مرتکب گردانا جا رہا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی فورس حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے بھی اس حوالے سے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ فلسطینی حکومت کے وسیع سکیورٹی تعاون پر شدید تنقید کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ تاریخ منتصر شبلی کے شجاعانہ اقدام اور غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی مزاحمتکاروں اور شیخ جراح کے رہائشیوں کے خلاف ہونے والے سنگین جرائم کو اپنے صفحات پر محفوظ کر لے گی۔ فوزی برہوم نے کہا کہ اسی طرح غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ فلسطینی حکومت کا سکیورٹی تعاون پر مبنی ذلت آمیز اقدام، جس نے زعترہ کارروائی کے مزاحمتکاروں اور ان کے خفیہ مقام کی شناخت اور ان کی گرفتار میں اہم کردار ادا کیا ہے، بھی تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 931112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش