QR CodeQR Code

قبلہ اول کی بازیابی پوری ملت اسلامیہ کی گردنوں پر قرض اور فرض ہے

اسلام کی عالمی تحریک سرزمین فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مکمل نابودی سے کم کسی شے پر راضی نہیں ہوگی، لیاقت بلوچ 

6 May 2021 23:55

منصورہ میں یوم القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ سرائیل ناجائز ریاست ہے، مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر کو سردخانوں میں ڈالنے اور قصہ پارینہ نہیں بننے دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین، کشمیر، افغانستان کے مسائل اتحاد امت سے حل ہوں گے۔ اغیار نے مسلمانوں پر اپنا ایجنڈا استعمال کیا اور نفاذ کے لیے بزدل مسلم حکمران آلہ کار بن گئے۔ سیکولر، انتہاپسند اسلامی سوچوں کی بجائے عالم اسلام کے اتحاد، مسلم عوام کے بنیادی حقوق اور انصاف کے اصولوں کو اختیار کر کے عالم اسلام ایک حکمت عملی اختیار کرے۔ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر کو سردخانوں میں ڈالنے اور قصہ پارینہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اسلام کی عالمی تحریک سرزمین فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مکمل نابودی سے کم کسی شے پر راضی نہیں ہوگی۔ قبلہ اول کی بازیابی پوری ملت اسلامیہ کی گردنوں پر قرض اور فرض ہے، مظلوم کی فریاد سننا، اس کی ہر قیمت پر مدد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔ فلسطین کی مکمل آزادی فلسطینیوں کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں یوم القدس سمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین اور لیڈر ملک ہے لیکن حکمرانوں نے بزدلی، کرپشن، بے تدبیری اور عدم حکمت سے خود پاکستان کو بحرانوں سے دوچار کردیا ہے، اقتصادی محاذ پر قرضوں و کشکول کی حکمت عملی ترک کی جائے۔ خودانحصاری، خودداری اور اپنے عوام پر اعتماد کے ساتھ پاکستان کا مقام بحال کیا جائے۔ فلسطین و کشمیر اور افغانستان پر قومی حکمت عملی بنائی جائے جس پر قومی قیادت اور عوام متحد ہو جائیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کی جدوجہد ترک کرنا اور بیرونی دباو پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنا ملت اسلامیہ اور قائد اعظم، علامہ اقبال کی فکر سے غداری ہوگی۔ سیمینار میں تحریک حریت کشمیر کے مرکزی قائد اشرف صحرائی کی مظلومانہ شہادت پر دکھ کا اظہار اور دعائے مغفرت کی گئی۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ اشرف صحرائی کی میت ورثا کے حوالے کی جائے۔

 


خبر کا کوڈ: 931164

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/931164/اسلام-کی-عالمی-تحریک-سرزمین-فلسطین-آزادی-اور-اسرائیل-مکمل-نابودی-سے-کم-کسی-شے-پر-راضی-نہیں-ہوگی-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org