0
Friday 19 Aug 2011 23:33

دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، اختلافات کو بھلا کر پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائے، شہباز شریف

دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، اختلافات کو بھلا کر پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائے، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے یوم علی (ع) کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے، پولیس اور متعلقہ ادارے اس موقع پر پوری طرح چوکس رہیں اور وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ یہ بات انہوں نے حضرت علی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر سکیورٹی انتظامات اور صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں سینئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ، صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان، ممبر صوبائی اسمبلی کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر و کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلٰی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، دشمن ملک کو نقصان پہنچانے کے لئے گھات لگائے بیٹھا ہے، ان حالات میں مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے تمام اختلافات کو بھلا کر پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا اور ملک میں امن کے قیام کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہو ں نے کہا کہ یوم علی (ع) کے موقع پر محرم الحرام کی طرح سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں اور امن و امان کے قیام کیلئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات اور امن و امان کے قیام کے لئے منتخب نمائندوں کو بھی ساتھ لے کر چلا جائے اور تمام کمشنرز و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسران سے اس حوالے سے مشاورت کریں۔ یوم علی (ع) کے موقع پر منتخب نمائندے بھی اپنے اپنے اضلاع میں سکیورٹی پلان پر عملدرآمد اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مذموم سرگرمیوں میں ملوث عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم علی (ع) کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تمام سینئر پولیس افسران فورس کو خود بریف کریں اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے خود فیلڈ میں رہیں۔ انہوں نے یوم علی ع کے موقع پر فرائض سرانجام دینے والے پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں کے افطار اور کھانے کے لئے فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ سینئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے اجلاس میں بتایا کہ یوم علی ع کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لئے محرم الحرام کی طرح بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور صوبائی وزراء کو ان سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اپنے اپنے ڈویژنوں میں بھجوا دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری ناصر محمود خان کھوسہ نے اجلاس میں بتایا کہ یوم علی (ع) کے موقع پر سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس ضمن میں تمام کمشنرز و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز کو ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس جاوید اقبال نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 93119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش