QR CodeQR Code

لاک ڈاون سے لاکھوں خاندان مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، طاہرالقادری

8 May 2021 17:53

منہاج القرآن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ وقت مواخات کی عظیم اسلامی انسانی روایات کو زندہ کرنے اور انسانی ہمدردی کے نبوی اسباق کو دہرانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اللہ نے رزق کی کشادگی اور آسودگی کی نعمت سے نوازا ہے وہ وباء کا شکار مستحقین کی مدد کر کے اللہ کی عطاء کردہ نعمتوں کا شکرادا کریں۔


اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن اور کاروبار بند ہونے سے لاکھوں مزدور خاندان مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، آزمائش کی اس گھڑی میں آسودہ حال ہمسائے اپنے غریب ہمسایوں، صاحب حیثیت رشتہ دار اپنے غریب رشتہ داروں اور دوست احباب اپنے سفید پوش دوستوں کو نظر انداز نہ کریں، دوسروں کے دکھ سکھ بانٹنا اسلام اور انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مواخات کی عظیم اسلامی انسانی روایات کو زندہ کرنے اور انسانی ہمدردی کے نبوی اسباق کو دہرانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اللہ نے رزق کی کشادگی اور آسودگی کی نعمت سے نوازا ہے وہ وباء کا شکار مستحقین کی مدد کر کے اللہ کی عطاء کردہ نعمتوں کا شکرادا کریں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آسودہ حال خاندان اور افراد رازداری کیساتھ ان سفید پوش خاندانوں، ضرورت مندوں کی مدد کریں جو دست سوال دراز نہیں کرتے۔ یہ عمل اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو راضی کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے ذمہ داران اور کارکنان سے بھی کہا کہ وہ رمضان المبارک کے بخشش کے اس آخری عشرہ میں اللہ کی خوشنودی کیلئے زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد کریں اور کورونا وائرس کے نتیجے میں جنم لینے والے معاشی مسائل کو دستیاب وسائل اور استعداد کے مطابق کم کرنے میں اپنا اسلامی، قومی و انسانی کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل پاکستان، امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات دے۔


خبر کا کوڈ: 931529

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/931529/لاک-ڈاون-سے-لاکھوں-خاندان-مالی-مشکلات-کا-شکار-ہوئے-ہیں-طاہرالقادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org