0
Saturday 8 May 2021 21:10

کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے گارڈز کی ملیر میں مبینہ فائرنگ سے شہری زخمی

کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے گارڈز کی ملیر میں مبینہ فائرنگ سے شہری زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں بحریہ ٹاؤن کراچی کی جانب سے اپنے نئے ہاؤسنگ منصوبے کے لئے زرعی اراضی پر تجاوزات کی کوشش کے خلاف احتجاج کے دوران نجی گارڈز اور پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کے حوالے سے آگاہی دینے سے گریز کیا لیکن سندھ انڈیجینئس رائٹس الائنس کے کارکن اور کاٹھور کے رہائشی عبدالحفیظ نے بتایا کہ بی ٹی کے گارڈز نے پولیس کے ہمراہ کمال خان جوکھیو گوٹھ میں فصلیں تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن مقامی افراد نے مزاحمت کی اور انہیں کام سے روکنے پر مجبور کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح نجی گارڈز اور سادہ لباس اور یونیفارم میں پولیس اہلکار نماز کے بعد آئے اور بلڈوزر کے ساتھ فصلیں تباہ کرنا دوبارہ شروع کردیں۔

بحریہ ٹاؤن کے اقدامات کے خلاف تقریباً 100 افراد جمع ہوئے اور مزاحمت کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے عہدیداروں پر پتھراؤ کیا، جس پر گارڈز نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی۔ گارڈز کی مبینہ فائرنگ سے ایک شہری شوکت خاصخیلی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا شہری معمولی زخمی ہوا۔ عبدالحفیظ نے کہا کہ گارڈز زخمی شہریوں کو اپنے ساتھ لے گئے اور ان کے ساتھ 3 سے 4 مقامی افراد بھی تھے۔ گاؤں کے لوگوں نے بی ٹی کے عہدیداروں کے خلاف احتجاج کیا اور زخمی شہری کی واپسی اور بی ٹی کے گارڈز کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ عبدالحفیظ نے بتایا کہ بی ٹی کے عہدیداروں نے زخمی شوکت خاصخیلی کو ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے تھانے لے گئے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین تھانے پہنچ گئے اور شوکت خاصخیلی کو واپس لے کر ہسپتال منقتل کردیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے کارکن کا کہنا تھا کہ کاٹھور کے قریب بحریہ ٹاؤن کے نئے ہاؤسنگ منصوبے کے لئے راستہ صاف کرنے کی خاطر 50 سے 60 ایکڑ زرعی زمین کو تباہ کردی گئی ہے۔ ٹوئٹر پر حفیظ نے کہا کہ اسحلے سے لیس بحریہ ٹاؤن کے ملازم آتے ہیں اور زمین کے مالک سے کہتے ہیں کہ کام نہیں رکے گا، کاغذات دیکھاؤ یہ زمین ہمیں سپریم کورٹ نے دی ہے، پوچھا آپ کے پاس کیا دستاویز ہیں کس حیثیت سے یہاں آئے ہو تو چپ۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ بحریہ ٹاؤن کے عہدیداروں کے خلاف شکایات پر نوٹس لیا ہے اور رپورٹ طلب کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 931548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش