QR CodeQR Code

اسرائیل شدید مظاہروں کی لپیٹ میں، نیتن یاہو پر دباو برقرار

9 May 2021 03:39

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائشگاہ پیرس چوک میں شدید عوامی احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں جس کے باعث بنجمن نیتن یاہو پر بدستور سیاسی دباو برقرار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق غاصب صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی مخالفت میں عوامی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ مظاہرے مقبوضہ فلسطین کے اہم چوکوں پر برپا کئے جا رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک "بلیک موومنٹس" کے حامیوں کی بڑی تعداد نے بنجمن نیتن یاہو کی رہائشگاہ کے قریب واقع پیرس چوک اور بالفور چوک میں جمع ہو کر احتجاج شروع کر رکھا ہے۔ مقبوضہ فلسطین خاص طور پر صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائشگاہ کے قریب سیکورٹی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن پر نیتن یاہو کے خلاف نعرے درج ہیں۔ مظاہرین مالی کرپشن، رشوت، فراڈ اور حکومتی نااہلی کے سبب بنجمن نیتن یاہو سے مستعفی ہو جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
 
"بلیک فلیگز" نامی تحریک ان احتجاجی مظاہروں کی بانی تصور کی جاتی ہے۔ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران نیتن یاہو کے خلاف متعدد احتجاجی مظاہرے برپا ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف مقبوضہ فلسطین کے دیگر شہروں نیز قدس شریف میں بھی غاصب صہیونی رژیم کے خلاف شدید عوامی احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں۔ صہیونی نیوز ویب سائٹ "ٹائمز اسرائیل" کے مطابق گذشتہ رات صہیونی سکیورٹی فورسز کی جانب سے قدس شریف میں مسلمان فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال کے بعد عوامی احتجاج اور مظاہروں میں شدت آئی ہے۔ صہیونی اخبار "یدیعوت آحارنوٹ" کے مطابق صہیونی سکیورٹی فورسز نے مسجد اقصی جانے والے نمازیوں کی بسوں کو روک رکھا ہے۔ یہ اقدام بھی شدید عوامی احتجاج کا باعث بنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 931607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/931607/اسرائیل-شدید-مظاہروں-کی-لپیٹ-میں-نیتن-یاہو-پر-دباو-برقرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org