QR CodeQR Code

ہمارے میزائل تیار اور زیرو آور قریب ہے، فلسطینی مجاہدین کی صہیونی رژیم کو وارننگ

9 May 2021 06:41

فلسطین قومی مزاحمتی بریگیڈز نامی اسلامی مزاحمتی گروہ کے ترجمان نے غزہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے میزائل فائر ہونے کیلئے تیار ہیں اور زیرو آور قریب ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم قومی مزاحمتی بریگیڈز کے ترجمان ابو خالد نے غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین ریڈ الرٹ کر دیے گئے ہیں جبکہ ہمارے میزائل بھی مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی وقت زیرو آور کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ قومی مزاحمتی بریگیڈز فلسطین لبریشن ڈیموکریٹک محاذ کی فوجی شاخ ہے۔ ابو خالد نے مزید کہا: "قومی مزاحمتی بریگیڈز کی فوجی کمان مقبوضہ بیت المقدس میں جاری واقعات اور ہر روز اس شہر خاص طور پر شیخ جراح محلے میں صہیونیوں کی جانب سے مسلمان فلسطینی شہریوں کے حقوق کی پامالی نیز مسجد اقصی پر صہیونی سکیورٹی فورسز کے حملوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔"
 
فلسطین قومی مزاحمتی بریگیڈز کے ترجمان نے تمام فلسطینی شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صہیونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات کے مقابلے میں ایک متحدہ قومی پلیٹ فارم تشکیل دیں اور قومی میٹنگز میں انجام پانے والے فیصلوں کے مطابق متحد ہو کر صہیونی دشمن کے خلاف برسرپیکار ہو جائیں۔ ابو خالد نے قدس شریف خاص طور پر شیخ جراح محلے میں فلسطینی شہریوں پر ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے صہیونی حکمرانوں کو وارننگ دی ہے کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ انہوں نے صہیونی حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے والا ہے اور ہم زیادہ دیر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ابو خالد نے کہا کہ غاصب صہیونی رژیم ہماری صلاحیتوں اور فوجی طاقت سے بخوبی آگاہ ہے اور اچھی طرح جانتی ہے کہ ہم یہودی آبادکاروں کی زندگی جہنم بنا ڈالیں گے۔
 
فلسطین قومی مزاحمتی بریگیڈز کے ترجمان ابو خالد نے مزید کہا: "ہم ملت فلسطین اور قدس شریف کے خلاف انجام پانے والے تمام مجرمانہ اور جارحانہ اقدامات کا ذمہ دار غاصب صہیونی رژیم کو سمجھتے ہیں اور اسے ہر گز اپنی ملت اور مقدس مقامات کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔" اسی طرح ابو خالد نے فلسطین اتھارٹی اور فلسطینی حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ شکست خوردہ طریقہ کار کو ترک کر دیں اور محض زبان کی حد تک غاصب صہیونی رژیم کی مذمت کرنے پر اکتفا نہ کریں۔ ابو خالد نے فلسطین اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صہیونی رژیم سے تمام تعلقات اور ہر قسم کا سکیورٹی تعاون منقطع کر دے اور یوں ملت فلسطین کا عملی طور پر ساتھ دے۔ انہوں نے فلسطین اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کو غاصب صہیونی رژیم کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے کی اجازت دے تاکہ قدس شریف اور فلسطینی سرزمین سے صہیونیوں کے ناجائز قبضے کا خاتمہ کیا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 931612

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/931612/ہمارے-میزائل-تیار-اور-زیرو-آور-قریب-ہے-فلسطینی-مجاہدین-کی-صہیونی-رژیم-کو-وارننگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org