0
Sunday 9 May 2021 09:47
مختلف دینی جماعتوں کے رہنماوں کا لاہور میں اہم اجلاس

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے علاوہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قبول نہیں، علماء

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے علاوہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قبول نہیں، علماء
اسلام ٹائمز۔ پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی رابطہ سیکرٹری ڈاکٹر حافظ محمد سلیم کی دعوت پر مختلف دینی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کا مشترکہ مشاورتی اجلاس آسٹریلیا مسجد لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ملی مجلس شرعی پاکستان کے صدر مولانا زاہد الراشدی نے کی۔ اجلاس میں تحریک انسداد سود پاکستان کے سربراہ مولانا عبدالرؤف ملک، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا محمد امجد خان، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، جماعت اہلحدیث کے رہنما مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت(ص) کے رہنما مولانا قاری جمیل الرحمان اختر، پاکستان شریعت کونسل کے رہنما مولانا قاری محمد عثمان رمضان، مولانا حافظ غضنفر عزیز، مولانا محمد فراز طارق، مولانا وقار احمد، حافظ عبداللہ نفیس، مولانا گلفام، مولانا قاری یاسین بہاولپور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں حریت پسند کشمیری رہنما اشرف صحرائی کی بھارتی جیل میں وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام پر ہونیوالے بھارتی مظالم پر شدید احتجاج کیا گیا اور کہا گیا کہ کشمیری عوام کی آزادانہ رائے اور اقوام متحدہ کی طرف سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے بغیر مسئلہ کشمیر کا اور کوئی حل قبول نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان میں ناموس رسالت(ص) کے قانون کے حوالے سے یورپی یونین کی حالیہ قرارداد کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے اس اعلان پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ یورپی یونین کی قرارداد کو قبول نہیں کیا جائے گا اور تحفظ ناموس رسالت (ص) اور عقیدہ ختم نبوت (ص) کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے موقف پر یورپی یونین کے ممالک سے دوٹوک بات کی جائے گی۔

مولانا زاہدالراشدی کا کہنا تھا کہ یہ بات چیت روایتی سفارتی طریقہ کار سے کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اس کے لیے پاکستان کی اسلامی شناخت اور دستور پاکستان کی اسلامی دفعات کا صحیح ادراک اور ان کے ساتھ واضح کمٹمنٹ رکھنے والے سرکردہ رہنماؤں کے وفود بھیجنا ہوں گے۔ اس کے بغیر پاکستانی قوم کے موقف اور جذبات کی وضاحت نہیں ہو سکے گی۔ اجلاس میں قومی نصاب تعلیم میں مسلسل تبدیلیوں کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور نئے متنازعہ اوقاف قوانین اور تحریک انسداد سود کی تازہ ترین صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور طے پایا کہ اس سلسلے میں عیدالفطر کے بعد فوراً لاہور میں صوبائی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اہتمام کیا جائے گا، اور اس کے بعد قومی سطح پر کل جماعتی سربراہی اجلاس کا انعقاد کر کے مشترکہ قومی موقف اور لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اجلاس میں بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں میں مشاورت جاری ہے اور رمضان المبارک کے بعد سرگرمیوں کا آغاز ہو جائے گا۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ یہ سب امور ہمارے دین و ایمان اور پاکستان کی تہذیبی شناخت سے تعلق رکھتے ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ مولانا عبدالرؤف ملک نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک ختم نبوت (ص) و تحریک نظام مصطفیٰ (ص) کی طرز پر ہمہ گیر عوامی جدوجہد منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے تمام دینی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ان مقاصد کیلئے مخلصانہ جدوجہد کی تیاری کریں۔ اجلاس میں کشمیری رہنما اشرف صحرائی، مولانا سیف الدین سیف، محمد ادریس اُپل، حافظ محمد ریاض درانی، حافظ ابوبکر شیخ اور دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 931622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش