QR CodeQR Code

کورونا کے حوالے سے سندھ حکومت اچھا کام کر رہی ہے، وفاقی وزیر علی زیدی

9 May 2021 17:08

اپنے بیان میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو ویکسین فراہم کر رہی ہے، این سی او سی نے کسی صوبے کو ویکسن خریدنے سے نہیں روکا، پنجاب حکومت ویکسین خود خرید رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے سندھ حکومت اچھا کام کر رہی ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کی وجہ سے بہت برا حال ہے، نیپال اور بنگلا دیش میں بھی کورونا کی صورتحال خراب ہے، میری سب سے درخواست ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، کورونا سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیسے سپاہی سرحدوں پر ہوتے ہیں اور ملک کی حفاظت کرتے ہیں، اسی طرح سوشل ورکرز نے بھی کام کیا اور عوام کی جان کو اپنی جان پر ترجیح دی، میں نے سربراہ این سی او سی اسد عمر کو خط لکھا ہے کہ بندرگاہ کے عملے کو ویکسن لگوائی جائے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے مجموعی طور پر سندھ حکومت اچھا کام کررہی ہے،صوبائی حکومت کا اچھا اقدام ہے کہ بزرگ افراد کو گھر جاکر ویکسین لگا رہی ہے، وفاقی حکومت سندھ کو ویکسین فراہم کر رہی ہے، این سی او سی نے کسی صوبے کو ویکسن خریدنے سے نہیں روکا، پنجاب حکومت ویکسین خود خرید رہی ہے، سندھ حکومت سے درخواست ہے خود بھی ویکسین کی خریداری کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ این اے 249 کراچی کا الیکشن سب کے سامنے ہے، دوبارہ گنتی میں کھلے بیگ لائے گئے اور فارم 46نہیں دیے جارہے، اس کے بعد جو رزلٹ چاہیں بنا دیں۔


خبر کا کوڈ: 931686

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/931686/کورونا-کے-حوالے-سے-سندھ-حکومت-اچھا-کام-کر-رہی-ہے-وفاقی-وزیر-علی-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org