0
Sunday 9 May 2021 20:26

ماں باپ کی خدمت انسانیت کی معراج کے حصول کا ذریعہ ہے، سدرہ کرامت

ماں باپ کی خدمت انسانیت کی معراج کے حصول کا ذریعہ ہے، سدرہ کرامت
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے مدر ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں ایک ایسی ہستی کا نام ہے جو محبت، پیار اور خلوص کا پیکر ہوتی ہے، اللہ کی عبادت حضور اکرمﷺ‎ کی اطاعت کے بعد ماں باپ کی خدمت انسانیت کی معراج کے حصول کا ذریعہ ہے، اس لۓ مدر ڈے کیساتھ ساتھ مدر کیئر پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ بچے کی تربیت میں والدہ کے خصوصی کردار کو اسلام بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ دین اسلام نے خونی رشتوں کے احترام کے بارے جو تعلیمات دی ہیں، ان کی اہمیت سے دنیا کا کوئی معاشرہ انکار نہیں کرسکتا، والدین کیساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق کی ادائیگی کیلئے قرآن حکیم اور احادیث نبوی میں واضح احکامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماں کے حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے خصوصی اہمیت دی ہے اور بندے کیلئے اللہ کی محبت کو سمجھانے کیلئے بھی اس نے ماں کی محبت کی مثال دی ہے کہ وہ ماں سے ستر گنا زیادہ پیار کرتا ہے، جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے کا مطلب ہے کہ ساری عبادتیں مل کر بھی ماں کی خدمت کے برابر نہیں ہوسکتیں، اس لیے مرتے دم تک اس حق کی ادائیگی میں ہمہ وقت مستعد رہنا چاہیئے، اس سے ہماری زندگیوں میں پایا جانیوالا بگاڑ اور بے سکونی کا خاتمہ ہوگا۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ اویس قرنی نے والدہ سے محبت اور خدمت کا وہ معیار دے دیا ہے، جو انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے اور اس پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ خونی رشتوں سے کمزور پڑ جانے والے تعلق کو مضبوط کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماں ولادت سے قبل اور شیر خوارگی کے دوران جو تکالیف برداشت کرتی ہے، وہ مامتا کے عظیم جذبے کے باعث ہے، بچے کی تربیت میں والدہ کے خصوصی کردار کو اسلام بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا اسلاف کی زندگیوں پر نظر دوڑائیں تو وہ ماں کی محبت میں فنا دکھائی دیتے ہیں، اس لیے انہیں ظاہری و باطنی طور پر رفعتیں نصیب ہوئیں۔ سدرہ کرامت نے کہا کہ آج کے مادیت زدہ معاشرے نے خاندانی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ والدین کی عزت رسم تک محدود ہوتی جا رہی ہے۔ فلاحی ادارے بوڑھے والدین کی پناہ گاہ بن رہے ہیں اور اولاد دنیا کمانے میں مست ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو والدین سے محبت اور ادب سکھایا جائے اور انہیں بھولا ہوا سبق یاد کرایا جائے۔ تقریب سے عائشہ مبشر، انیلہ الیاس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 931702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش