QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں کورونا کرفیو میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان

9 May 2021 21:41

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں جموں و کشمیر میں جاری ’کورونا کرفیو‘ ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہو رہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں کورونا لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ ’کورونا کرفیو‘ سخت ہوگا تاہم لازمی اور ایمرجنسی خدمات کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے نیز شادی کی تقریبات میں محض 20 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر کے تمام 20  اضلاع میں نافذ کورونا کرفیو میں مزید سات دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔ یعنی اب یہ کرفیو 17 مئی کی صبح سات بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ کرفیو سخت ہوگا لیکن لازمی اور ایمرجنسی خدمات مستثنٰی ہوں گی۔ ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ مزید یہ کہ شادیوں کی تقریبات میں آج یعنی 9 مئی سے صرف 20 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت ہوگی۔ دریں اثنا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں جموں و کشمیر میں جاری ’کورونا کرفیو‘ ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہو رہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں۔

جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو مسلسل 11ویں روز بھی کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے باعث سرینگر اور جموں شہروں سے لے کر دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں معمولات زندگی ٹھپ رہی اور ہر طرف خوف و خاموشی کا ماحول طاری رہا۔ وادی کے دیگر جملہ ضلع و تحصیل صدر مقامات سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات ہیں لوگ گھروں میں ہی محصور ہیں اور انتظامیہ بھی سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لئے لوگوں کو متواتر ہدایات بھی دے رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں کے تمام اضلاع میں بھی کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے جس سے ہر طرف خاموشی کا ماحول سایہ فگن ہے۔


خبر کا کوڈ: 931707

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/931707/مقبوضہ-کشمیر-میں-کورونا-کرفیو-مزید-ایک-ہفتے-کی-توسیع-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org