0
Monday 10 May 2021 18:12

سکون و راحت کے تمام خزانے اللہ تعالیٰ کے پاس ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

سکون و راحت کے تمام خزانے اللہ تعالیٰ کے پاس ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد علامہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے  شب قدر کے موقع پر لاہور میں بیٹھے معتکفین سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریشانیوں اور بحرانوں سے بچنے کیلئے انسان اپنے آپ کو گناہ گار، خطا کار سمجھتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے، بُرے اعمال اور گناہوں سے توبہ کرکے اللہ کریم کو راضی کریں، سکون و راحت کے تمام خزانے اللہ تعالیٰ کے پاس ہیں، جب اللہ تعالیٰ راضی ہو گا تو اپنے فرمانبردار بندوں کو سکون اور راحت عطاء کرے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ کریم گناہوں کو چھوڑنے اور فرمانبرداری اختیار کرنے سے ہی راضی ہوتا ہے، بُرے اعمال اللہ کی ناراضگی اور عذاب کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری، رزق کی کمی، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بُرے اعمال کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہم پر سایہ فگن نہیں رہی، قدرتی آفات، زلزلے، سیلاب، ڈینگی، کورونا وائرس یہ سب اللہ رب العزت کی طرف سے بندوں کے اعمال پر اظہار ناراضگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رب تعالیٰ کی ناراضگی فقط آخرت اور جہنم تک محدود نہیں بلکہ دنیاوی زندگی بھی اللہ تعالیٰ کے غضب سے آزاد نہیں، اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت دونوں کا رب ہے، دنیا دارالعمل ہے تو آخرت دارالجزا ہے، انسان کی اخروی نجات اس کے دنیاوی اعمال پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم دنیاوی زندگی میں لوگوں کو اپنے غیض و غضب کے ذریعے نیک اعمال کی طرف متوجہ اور برائیوں کے انجام سے متنبہ فرماتا ہے تاکہ لوگ رجوع الی اللہ کی اپنی اصل منزل بھول نہ پائیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسان کو اپنی معرفت و قربت اور اپنی عبادت و بندگی کی طرف متوجہ کرنے کیلئے موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شبِ قدر بڑی بابرکت، فضیلت و اہمیت والی رات ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ عظمت والی رات ہے جس میں قرآن مجید نازل ہوا، قرآن مجید کا نزول پوری انسانیت کیلئے خیر و برکت کا پیغام ہے، اس عظیم شب میں گناہ گاروں کی بخشش ہوتی ہے، کوشش کریں کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی مقدس راتوں میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کریں، گناہوں کی معافی مانگیں، مغفرت طلب کریں اور ایسے اعمال کریں کہ اللہ ہم سے راضی ہو جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ قرآن حکیم کی تلاوت کریں، حضور اکرم (ص) پر درود و سلام بھیجیں، ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی مقدس راتیں مسلمانوں پر اللہ کریم کا خاص احسان ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔
خبر کا کوڈ : 931709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش