0
Sunday 9 May 2021 22:59

27 رمضان کو پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے، محمد حسین محنتی

27 رمضان کو پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ 27 رمضان کو پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے، رمضان مسلمانوں کی انفرادی و اجتماعی تربیت، تقویٰ اور اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے، ماہ مقدس کے مبارک لمحات میں پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں، یوم پاکستان کے موقع پر تجدید عہد کیا جائے کہ اللہ کی اس نعمت کا شکر اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ یوم پاکستان کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان اللہ کا انعام، بزرگوں کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل تک ہی شہداء کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام و کلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آیا تھا، مگر بدقسمتی سے قیام پاکستان سے ابتک برسر اقتدار آنے والے حکمرانوں نے پارلیمنٹ سے عدالت تک ایک دن کیلئے بھی اسلام کو نافذ نہیں ہونے دیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ قرآن و سنت کی بجائے سودی نظام معیشت سے لیکر انگریز کے کالے قوانین عذاب الہٰی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک مہنگائی بیروزگاری، کرپشن سمیت جن بے شمار مسائل کا شکار ہے، اس کی واحد وجہ احکامات الٰہی پر عمل نہ کرنا ہے، جبکہ پاکستان اور اسلام ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔ صوبائی امیر نے کہا کہ آج ایک امت کے تصور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کا نفاذ ہے، اس لئے حکمران اپنے دعوؤں کے مطابق مہنگائی کے خاتمے سے لیکر مدینہ کی مثالی ریاست کے قیام کیلئے عملی اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ : 931716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش