0
Sunday 9 May 2021 23:59
رہبر انقلاب کو اسمعیل ہنیہ کا خط

امت مسلمہ قدس اور اسکے رہائشیوں کیخلاف صیہونی جرائم رکوانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے

امت مسلمہ قدس اور اسکے رہائشیوں کیخلاف صیہونی جرائم رکوانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے قدس شریف میں وقوع پذیر ہونے والے حالیہ واقعات اور صیہونی بربریت کے حوالے سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے نام خط ارسال کیا ہے۔ اسمعیل ہنیہ نے اپنے خط میں حالیہ واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے امتِ مسلمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قدس شریف اور اس کے رہائشیوں کی حمایت و غاصب اسرائیلی رژیم کے جرائم کے خلاف دوٹوک و موثر موقف اپنائے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق خط کا متن یہ ہے:
رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران
سلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
مخلصانہ سلام عرض ہے،
ہمارے لئے یہ انتہائی مسرت کا باعث ہے کہ ان مبارک ایام اور رمضان کریم کے آخری دنوں میں اپنا مخلصانہ درود و سلام جناب عالی کی حضور پیش کر رہے ہیں۔ ہم ایک مرتبہ پھر خداوند متعال سے دعاگو ہیں کہ وہ اس عظیم مہینے اور عید سعید فطر کو انتہائی خیر و برکت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کی عظیم قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کے نصیب فرمائے، درحالیکہ وہ بہت ہی زیادہ سننے اور دعاء قبول کرنے والا ہے۔

جیسا کہ جناب عالی جانتے ہیں کہ قدس شریف اور اس کے رہائشیوں کے خلاف (شہروں کے) یہودی بنائے جانے، (غیر قانونی) یہودی بستیوں کی تعمیر، فلسطینیوں کو زبردستی نکال باہر کئے جانے، نسلی بنیادوں پر بے گھر کئے جانے اور باب العامود و شیخ جراح پر حملوں سمیت مسجد اقصیٰ اور اس میں اعتکاف بیٹھنے والوں کے خلاف جارحیت، نمازیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، نماز جماعت کے قیام اور مسجد اقصیٰ میں نماز و عبادت کیلئے فلسطینیوں کے داخلے پر پابندی جیسے غاصب صیہونیوں کے جرائم جاری ہیں، جبکہ ان وسیع اقدامات کا مقصد غیر قانونی صیہونی بستیوں، فلسطینیوں کے زبردستی نکال باہر کئے جانے اور ان کے گھروں و املاک کی ضبطی کو جواز فراہم کرنے سمیت مسجد مبارک اقصیٰ کی زمانی و مکانی تقسیم کو مستقل کرنا اور اس کی موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنا ہے۔

یہ ایک ایسا نیا جرم ہے، جس کے ذریعے تمام ریڈ لائنز کو عبور کرتے ہوئے پوری امتِ مسلمہ کے احساسات و جذبات کو بری طرح مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف شہر قدس اور اس کی اسلامی تاریخ و موجودیت سمیت اس کے رہائشیوں کے رزق و روزی، مستقبل اور قانونی حقوق کو خطرہ لاحق کر دیا گیا ہے بلکہ مسجد اقصیٰ اور اس کے محافظوں کو بھی نشانے پر لے لیا گیا ہے۔ ہم، حماس ماہِ مبارک رمضان میں صیہونی دشمن کی جارحیتوں و جرائم کے خلاف اور قدس شریف و مسجد اقصیٰ کی کشیدہ صورتحال پر خبردار کرتے ہوئے امتِ مسلمہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان جرائم کے مقابلے میں دوٹوک موقف اپناتے ہوئے اسلامی مقامات کی تجہیز اور فلسطینی قوم، سرزمین اور مقبوضہ قدس شریف کے مقدس مقامات خصوصاً مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری وحشیانہ جرائم کے ارتکاب سے غاصب صیہونی رژیم کو روکنے کے لئے عربی، اسلامی و بین الاقوامی سفارتکاری سمیت موثر عملی اقدامات اٹھائے۔

قدس شریف کے محلہ شیخ جراح کے 28 خاندانوں کو زبردستی بے گھر کرنے پر مبنی صیہونی قابضین کی مسلسل اور وسیع کوششیں اور محلہ باب العامود کے رہائشیوں کے خلاف گھناؤنے حملے، مسجد اقصیٰ پر جارحانہ یورش اور اُس میں اعتکاف کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کھلا جرم اور ایک ایسا خطرناک اقدام ہے، جس کے جواب میں خاموشی اختیار نہیں کرنا چاہیئے اور اس جیسے جرم سے کسی ایسے ردعمل کے بغیر جو؛ غاصب صیہونی رژیم اور اس کے حکام کو قدس، مسجد اقصیٰ اور فلسطینی قوم کے خلاف جرائم خصوصاً غاصب و قابض صیہونی آبادکاروں کی جانب سے متعصب و نسل پرست یہودی گروہوں و غاصب صیہونی رژیم کی حمایت کے ساتھ 28 رمضان المبارک کے روز مسجد اقصیٰ پر وسیع چڑھائی کے ارتکاب سے روک سکے، نہیں گزرنا چاہیئے۔

ہم ماہِ مبارک کے ان ایام میں، جو یکجہتی، تعاون اور فتح کا مہینہ ہے؛ جناب عالی کی خدمت میں یہ پیغام ارسال کر رہے ہیں، درحالیکہ یہ ہم سب کا ایمان ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ ہمیشہ سے قدس شریف اور مقدس مقامات پر فتح کا سبب بننے والے محرک کی طرح اب بھی امتِ مسلمہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند ایک صف میں آن کھڑی ہوگی اور غاصب صیہونی قابضین کے جرائم کا مقابلہ کرنے اور غاصب صیہونی آبادکاروں کو مزید جرائم کے ارتکاب سے روکنے کے لئے قدس میں فلسطینی قوم، مسجد اقصیٰ اور فلسطینی مزاحمتی محاذ کی حمایت کے لئے اٹھ کھڑی ہو گی۔

مقبوضہ قدس میں فلسطینی قوم، جو فلسطینی سرزمین اور مقدس مقامات کے دفاع کے لئے گذشتہ 50 سال سے زائد کے عرصے سے امتِ مسلمہ و عربی کی نیابت میں مزاحمت اور صبر و بردباری کے رستے پر گامزن ہے؛ فتح کے حصول، اپنی سرزمینوں پر واپسی اور قدس شریف کے دارالحکومت پر مبنی خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام تک کبھی نہ رُکے گی۔ ہم خداوند متعال کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ آپ کی حفاظت فرمائے، آپ کو کامیاب کرے اور اسلامی جمہوریہ کو روزافزوں ترقی و پیشرفت عنایت فرمائے۔ ہمارا مخلصانہ درود و سلام قبول فرمائیے۔
اسمعیل ہنیہ
سیکرٹری سیاسیات، حركة المقاومة الاسلامية (حماس)
خبر کا کوڈ : 931719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش