0
Tuesday 11 May 2021 00:22
امریکہ اسرائیل نوازی سے خود پوری دنیا میں اپنے لیے مزید رسوائی اور نفرتیں سمیٹ رہا ہے

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے بعد مسئلہ کشمیر پر متضاد بیانات تشویش میں اضافہ کر رہے ہیں، لیاقت بلوچ 

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے بعد مسئلہ کشمیر پر متضاد بیانات تشویش میں اضافہ کر رہے ہیں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان، تراویح اور عبادات میں مصروف فلسطینی مسلمانوں پر مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت، پرامن نہتے نمازیوں پر حملہ ظلم کی انتہاء اور عالم اسلام کی غیرت ایمانی پر حملہ کے مترادف ہے۔ جمعة الوداع کو پوری دنیا میں قبلہ اول کی بازیابی، القدس کی آزادی اور فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے یوم پر مسلمانوں کے جذبات کے اظہار پر اسرائیل نے مسجد اقصیٰ پر حملہ کر دیا۔ فلسطین کی آزادی کے لیے پوری ملت اسلامیہ کو تاریخی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ اسرائیلی مظالم اور جارحیت پر سخت ایکشن لے۔ امریکہ اسرائیل نوازی سے خود پوری دنیا میں اپنے لیے مزید رسوائی اور نفرتیں سمیٹ رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر بحران پوری دنیا کے ضمیر کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور بھارتی جارحانہ، غیر انسانی بربریت پر مبنی کردار پر گہرا سیاہ داغ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کے خلاف جرائم ناقابل بیان ہیں لیکن عالمی ادارے خاموش، جانبدار اور بے حس ہیں۔ پانچ اگست کے بعد سے بھارت نے ریاست جموں و کشمیر میں بدترین لاک ڈاون مسلط کیا ہے۔ کرونا وباء کی تباہ کاریوں کے باوجود فاشسٹ مودی کشمیریوں کو کوئی ریلیف نہیں دے رہا۔ فاشسٹ باخبر رہیں کہ ظلم اور ناانصافی کے اقدامات کا حساب انہیں دینا ہوگا۔ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد مسئلہ کشمیر پر متضاد بیانات تشویش میں اضافہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم قومی قیادت کو دورہ سعودی عرب پر اعتماد میں لیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ مثالی رہنے چاہئیں، لیکن بار بار تعلقات کار کی سرد مہری کا بھی مستقل حل تلاش کرنا چاہیئے۔ لیاقت بلوچ سے لاپتہ افراد کے خاندانوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور کئی سالوں سے لاپتہ اپنے پیاروں کی وجہ سے دکھ درد اور بے بسی کا اظہار کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے مستقل حکمت عملی اختیار کرے۔ سکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں کو طویل مدت سے جاری افراد کو لاپتہ کر دینے کی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔ آئین اور قانون کے مطابق ریاست کے خلاف استعمال ہونے والے افراد کو سزا دی جائے، لواحقین خصوصاً ماں بہنوں کو زندہ درگور نہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 931914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش