0
Tuesday 11 May 2021 03:03

کورونا لاک ڈاؤن، تاجروں نے تجارتی سرگرمیوں پر پابندی کا توڑ نکال لیا

کورونا لاک ڈاؤن، تاجروں نے تجارتی سرگرمیوں پر پابندی کا توڑ نکال لیا
اسلام ٹائمز۔ عیدالفطر کے موقع پر کورونا لاک ڈاؤن کے باعث تاجروں نے تجارتی سرگرمیوں پر پابندی کا توڑ نکال لیا، گلی محلوں میں ٹھیلوں، عارضی پتھاروں اور اسٹالز پر سامان سج گیا۔ عید الفطر سے قبل کورونا پابندیوں کے باعث تجارتی مراکز اور بازار بند ہونے کے بعد رزق حلال کی تلاش میں سرگرم کاروباری افراد نے اپنے گزر بسر کے لیے تجارتی سامان دکانوں سے مقامی مارکیٹوں اور اپنے گلی محلوں میں ٹھیلوں، پتھاروں اور اسٹالز پر فروخت کے لیے پیش کر دیا۔ بعض علاقوں میں چھوٹے دکان دار اور تاجر گزر بسر کے لیے عید کی مناسبت سے سامان اپنے گھروں میں فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح ٹیلر ماسٹرز نے بھی گھروں میں سلائی کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران کراچی کے بڑے تجارتی اور کاروباری مراکز بند ہونے کی وجہ سے عید الفطر کی خریداری کے لیے بے چین خریداروں کی سہولت کے لیے خواتین کی جانب سے گھروں میں قائم اسٹورز اور بوتیکس پر خریداروں کا رجحان بڑھ گیا ہے اور ان مراکز پر کاسمیٹک، کپڑے، جوتے، جیولری سمیت عیدالفطر کی مناسبت سے ہر قسم کا سامان موجود ہے۔

اسی طرح گلی محلوں میں گارمنٹس کے علاوہ جوتے اور عید الفطر کی مناسبت سے دیگر ضروری سامان کی مقامی سطح پر ٹھیلوں اور پتھاروں پر موجودگی کے بعد عید کی خریداری کرنے والے خوش ہیں اور مقامی سطح پر گھریلو اسٹورز کے علاوہ پتھاروں پر عید کی تیاری کی مناسبت سے سامان کی خرید و فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں افطاری کے بعد گھروں میں قائم بوتیک، اسٹورز کے علاوہ مقامی سطح پر عید کی تیاری کے سلسلے میں خرید و فروخت کا سلسلہ تیز ہو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں آن لائن خرید و فروخت کے علاوہ مقامی سطح پر خریداروں کو اشیاء کی خریداری کی سہولت دستیاب ہے اور سوشل میڈیا کو رابطے کے طور پر استعمال کرکے چھوٹے تاجر اور دکان دار اپنی گزر بسر کے لیے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 931925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش