0
Tuesday 11 May 2021 12:52

عالمی ادارے اسرائیل کو پُرتشدد کارروائیوں سے روکنے کیلئے اقدامات کریں، سراج الحق

عالمی ادارے اسرائیل کو پُرتشدد کارروائیوں سے روکنے کیلئے اقدامات کریں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قرآن کے مطالعے اور غوروخوض کے ذریعے ہر انسان اس سے فیض ہدایت پا سکتا ہے، قرآن مجید انسانیت کیلئے رحمتوں، برکتوں اور روشنی کا ذریعہ ہے، اگر ہم ہر آیت کا مخاطب اپنی ذات کو بنائیں اور یہ تصور کریں کہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت میرے لیے نازل کی ہے تو ہم اس پر عمل کے ذریعے دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے بڑے مسائل کی وجہ قرآن سے دوری اور بے عملی ہے، امت مسلمہ آج بھی قرآن و سنت کو اپنا حقیقی رہبر مان کر عروج حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں میں قرآن کے مطالعے کا ذوق و شوق قابل تحسین ہے، یہ قرآن کا معجزہ ہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان اس کے مکمل حافظ ہیں اور ہر سال ماہ رمضان میں نماز تراویح میں اس کو سناتے ہیں۔
 
جامع مسجد منصورہ لاہور میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسجد کی انتظامیہ، امام مسجد، قاری صاحبان اور مدرس حافظ محمد ادریس کو خصوصی مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ رمضان کے علاوہ بھی قرآن پاک کی تعلیمات کو سمجھنے کیلئے اس طرح کے پروگرامات کو ترتیب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام مشکلات سے دوچار ہے، مسجد اقصی مسلمانوں کا مقدس ترین مقام اور قبلہ اول ہے، جمعۃ الوداع پر نمازیوں پر حملہ شدید طور پر قابل مذمت ہے، بیت المقدس سے اسلامی، ثقافتی اور تاریخی نقوش کو مٹایا جا رہا ہے، عالمی ضمیر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ عالمی ادارے اسرائیل کو پرتشدد کارروائیوں سے روکنے کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے، جس میں قانون ہر غریب و امیر کیلئے یکساں ہو، حکمران اور عوام کیلئے احتساب ایک سا ہو، سودی نظام کا خاتمہ ہو، یکساں نظام تعلیم ہو۔ ملک میں ہر ایک کیلئے روزگار، امن اور سکون ہو، اقلیتوں کو بھی بھرپور حقوق حاصل ہوں، صحت اور تعلیم کی سہولیات ہر کسی کیلئے یکساں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کو لانے کیلئے جماعت اسلامی کی پُرامن جدوجہد جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہو گا، پاکستان امت مسلمہ کو حقیقی معنوں میں لیڈ کر رہا ہو گا، نوجوان آگے بڑھیں اور وقت کے چیلنجز کو سمجھتے ہوئے قرآن سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔ اس موقع پر کرونا وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔
خبر کا کوڈ : 931985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش