QR CodeQR Code

لاہور پولیس نے چاند رات اور عید الفطر کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا

11 May 2021 16:12

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کے مطابق کورونا کی صورتحال کے پیش نظر مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات اور قبرستانوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ لاہور میں مجموعی طور پر پانچ ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس کی جانب سے چاند رات اور عیدالفطر کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ لاہور میں مجموعی طور پر پانچ ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کے مطابق کورونا کی صورتحال کے پیش نظر مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات اور قبرستانوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ لاہور کی 5 ہزار 57 مساجد اور 190 سے زائد کھلے مقامات پر فرزندان توحید نمازعید ادا کریں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق عیدالفطر کے ایام میں سکیورٹی سخت ہو گی، کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 218 مساجد کو اے کیٹیگری، 775 کو بی جبکہ 4 ہزار 64 مساجد کو سی کیٹیگری میں حساس قرار دیا گیا ہے۔
 
عیدالفطر کے موقع پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ ساجد کیانی کے مطابق 6 ایس پیز،35 ڈی ایس پیز، 83 ایس ایچ اوز اور 373 اپر سب آرڈینیٹس تعینات ہونگے جبکہ نمازیوں کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی، چیکنگ کے بعد ہی مساجد میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی اور نمازی حضرات کی چیکنگ کیلئے میٹل ڈیٹکٹرزاور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں پر 15 ہزار سے زائد رضا کار بھی چیکنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر سکیورٹی اور سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔


خبر کا کوڈ: 932024

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932024/لاہور-پولیس-نے-چاند-رات-اور-عید-الفطر-کیلئے-سکیورٹی-پلان-تیار-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org