0
Tuesday 11 May 2021 19:18

پاکستانی عوام قبلہ اول کے دفاع کیلئے قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کریں گے، فلسطین فاؤنڈیشن

پاکستانی عوام قبلہ اول کے دفاع کیلئے قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کریں گے، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ مسجد اقصیٰ کا دفاع کرنا اہم ترین فریضہ ہے، صہیونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے، فلسطین پر صرف فلسطینیوں کا حق ہے، صہیونی فلسطین سمیت پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سرپرست رہنماؤں سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، نائب امیر جماعت اسلامی مسلم پرویز، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس رضوی، پاکستان مسلم الائنس کے رہنما مطلوب اعوان، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر ہمدانی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما نوید احمد، پی ٹی آئی خواتین سے عرم بٹ، طلعت نورین، خالدہ، سماجی رہنما بشیر سدو زئی، امجد علی خان، قاری شوکت مغل اور دیگر نے مسجد اقصیٰ بیت المقدس پر اسرائیلی دہشت گردانہ حملوں اور فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں ہیومن رائیٹس کونسل اور یوتھ فورم آف کشمیر کے وفود نے بھی شرکت کی۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور، مردہ باد ہندوستان، افغانستان کے عوام سے یکجہتی سمیت القدس لبیک القدس کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے بعد صہیونی ایجنٹوں نے افغانستان میں بھی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کشمیر اور افغانستان میں بدامنی پھیلا کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دو روز قبل افغانستان میں تعلیمی درسگاہ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام قبلہ اول کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مقررین نے عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کی توہین اور فلسطینیوں کے قتل عام کی ذمہ داری پر اسرائیل دوست عرب ممالک جواب دیں۔ رہنماؤں نے عالمی برادری او ر انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اور ادارے بےحس ہو چکے ہیں، اسرائیل انسانی حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے لیکن مغربی دنیا اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مغربی دنیا انسانی حقوق کی علمبردار ہے تو پھر اسے دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور سمیت ہندوستان مردہ باد، کشمیر و فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی اور افغانستان کے مسلمانوں سے یکجہتی پر مبنی نعرے بھی لگائے۔
خبر کا کوڈ : 932063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش