0
Tuesday 11 May 2021 21:46

کورونا سے بچاؤ کیلئے رہنما خطوط پر عملدرآمد کرنا لازمی ہے، محمد سعید آخون

کورونا سے بچاؤ کیلئے رہنما خطوط پر عملدرآمد کرنا لازمی ہے، محمد سعید آخون
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے حضرت بل محمد سعید آخون نے جموں و کشمیر کے عوام سے گذارش کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے تشویشناک حد تک ہورہے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وائرس نے جو رُخ اختیار کیا ہے وہ برزگوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کیلئے بھی خطرناک ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کو لیکر انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے رہنما خطوط پر من و عن عمل کریں اور خود کو کورونا سے محفوظ رکھیں اور کسی بھی صورت میں اس وبائی بیماری کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنیں۔

محمد سعید آخون نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک کے استعمال سے اجتناب نہ کریں اور پہلی فرصت میں کورونا مخالف ٹیکہ لگوا لیں اور اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو بھی بھرپور تعاون دینا چاہیئے، جو اس وقت اپنے آپ اور اپنے اہل خانہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر اس مہلک بیماری کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر اور طبی عملہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے محمد سعید آخون نے کہا کہ میں کورونا کے خلاف صف اول میں کھڑے ڈاکٹروں اور طبی و نیم طبی عملہ کو سلام پیش کرتا ہوں جو دن رات ایک کرکے کورونا میں مبتلا مریضوں کے علاج و معالجہ میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی عالم انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات دیں اور اس مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کو شفاء بخشے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور ساتھ ہی صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے غریب اور نادار بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
خبر کا کوڈ : 932095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش