QR CodeQR Code

پاکستان علماء کونسل کا عیدالفطر کے روز ملک بھر میں “یوم فلسطین” منانے کا اعلان

11 May 2021 22:53

حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت، اسلامی تعاون تنظیم، رابطہ عالم اسلامی اور آئمہ حرمین شریفین سے ملاقاتوں کے دوران اسلامک فوبیا، توہین ناموس رسالت ﷺ اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل نے عیدالفطر کے روز ملک بھر میں یوم فلسطین منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے پاک سعودی عرب تعلقات کو نئی جہت اور قوت ملی ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم رابطہ کونسل کا قیام، مختلف شعبوں میں معاہدے، تعلقات کو دینی، تجارتی، اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت، اسلامی تعاون تنظیم، رابطہ عالم اسلامی اور آئمہ حرمین شریفین سے ملاقاتوں کے دوران اسلامک فوبیا، توہین ناموس رسالت ﷺ اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مکمل تائید و حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت اور اسلامتی تعاون تنظیم سے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی کہا گیا ہے۔ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے حرم مکہ مکرمہ میں خصوصی دعائیں کی گئیں، وزیراعظم عمران خان کیلئے روضہ رسول ﷺاور خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، مرکز ملک سلمان طویل عرصہ سے دنیا بھر میں فلاحی کام کر رہا ہے۔ مرکز ملک سلمان کے کسی بھی رفاہی کام کو نشانہ بنانے والے دراصل پاک سعودی عرب تعلقات کی مزید مضبوطی اور استحکام سےخوفزدہ ہیں، مرکز ملک سلمان نے ہر دور حکومت میں پاکستانیوں کی خدمت کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 932112

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932112/پاکستان-علماء-کونسل-کا-عیدالفطر-کے-روز-ملک-بھر-میں-یوم-فلسطین-منانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org