0
Tuesday 11 May 2021 23:53

مسلم امہ آزادی فلسطین کیلئے اور اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کرے، جماعت اسلامی

مسلم امہ آزادی فلسطین کیلئے اور اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کرے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے غزہ میں اسرائیلی قابض فوج کی مسجد اقصیٰ کو نذر آتش کرنے بمباری اور مسلمانوں کے ماہ مقدس رمضان المبارک میں نہتے نمازیوں پر ظلم و تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کے فوری طور پر اجلاس طلب کرکے اسرائیلی درندگی کا نوٹس لیا جائے، مسلم امہ ایک امت کا تصور اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کی انسانیت سوز مظالم کے خلاف احتجاج اور عالمی ضمیر کو متوجہ کرے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ مسلم ممالک میں نااتفاقی کی وجہ سے کشمیر سے فلسطین تک خون مسلم پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ رمضان کے مبارک مہینے میں مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی فوجیوں کی گولہ باری اور تشدد کرکے انسانیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، بین المذاہب مکالمہ اور انسانی حقوق کے دعویداروں کی اسرائیلی درندگی پر آنکھیں کھل جانی چاہییں، مغرب نے انسانی حقوق سے لیکر مسلمانوں کے قتل عام تک ہمیشہ دہرا معیار اختیار کر رکھا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ مسلم امہ بیدار ہو اسرائیلی درندگی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور قبلہ اول ملت اسلامیہ کی رگ و جان ہے، اسلئے پوری دنیا کے مسلم عوام اپنے قبلہ اول کی بازیابی، مسجد اقصیٰ کے تحفظ اور فلسطین کی آزادی کیلئے ایک آواز ہیں۔
خبر کا کوڈ : 932120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش