0
Wednesday 12 May 2021 10:30

غزہ پر اسرائیلی حملہ ننگی جارحیت ہے، مولانا شبیر قمی

غزہ پر اسرائیلی حملہ ننگی جارحیت ہے، مولانا شبیر قمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت ہمدانیہ کشمیر کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے بیت المقدس اور فلسطین میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے اقوام عالم خصوصاً اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں روکنے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اقدامات کریں۔ انہوں نے اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور ان کی محبت و عقیدت کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک پر فرض بنتا ہے کہ اسرائیلی کے خلاف متحد ہوجائیں اور اپنے فلسطینی مسلمان بھائیوں کی مدد و اعانت کیلئے آگے آئیں۔ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد دنیا بھر میں مسلمانوں کے تحفظ کی ضمانت بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کا جذبہ قابل قدر اور ان کی قربانیاں بے مثال و بے نظیر ہیں، اہل کشمیر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کی جرأ ت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ادھر جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی جارحیت سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مولانا شبیر قمی نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں کو خاک و خون میں غلطاں کرنا اور اقوام متحدہ کا اسرائیل کی اس جارحیت پر خاموش رہنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج فلسطین کے اصل باشندوں کا توپوں، گولوں اور بموں کا نشانہ بنا رہے ہیں، انہیں جیلوں میں ڈال کر جسمانی و ذہنی اذیتوں کا شکار بنارہے ہیں لیکن تشویشناک بات یہ ہے انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹنے والی تنظیمیں اور انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے دعویدار خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے فوری اقدامات کریں یا پھر انسانی حقوق کا ڈھندورا پیٹنا بند کریں۔ درایں اثنا جموں و کشمیر انجمن تبلیغ الاسلام نے مسلمانوں کے قبلۂ اوّل کی بے حرمتی اور رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو نماز کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔ انجمن کے جنرل سکریٹری غلام احمد سہروردی نے کہا ہے کہ یقیناً مسلمانانِ عالم کے لئے یہ پُرتشدد کارروائی ایک چلینج ہے۔ مقدّس مقامات اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور نہتے بے گناہ مظلوم مسلمانوں پر حملہ کے پیشِ نظر اسلامی ممالک کو متحد ہو کر اس بربریت کے خلاف انسدادی اقدامات روبہ عمل لانے کی ذمہ داری اور اپنا فریضہ ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتِحال میں اقوامِ متحدہ کو اپنا فرض ادا کرنے میں لیت و لعل نہیں کرنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 932187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش