0
Wednesday 12 May 2021 10:23

عید سے قبل قیدیوں کو رہا کرنا ایک اچھا قدم ہوسکتا ہے، یوسف تاریگامی

عید سے قبل قیدیوں کو رہا کرنا ایک اچھا قدم ہوسکتا ہے، یوسف تاریگامی
اسلام ٹائمز۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ نے وادی کشمیر اور کشمیر سے باہر کی جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کووِڈ 19 کے پھیلاؤ میں بے تحاشہ اضافے سے ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ ایک بیان میں پارٹی لیڈر یوسف تاریگامی نے کہا کہ عدالت عظمٰی نے حال ہی میں اعلٰی اختیاراتی کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیلوں سے قیدیوں کو رہا کرنے کیلئے ان کے معاملات میں قومی لیگل سروسز اتھارٹی کے رہنما اصول اپناتے ہوئے غور کریں۔ یوسف تاریگامی نے کہا کہ سینکڑوں کشمیری قیدی جن میں کچھ نو عمر لڑکے بھی شامل ہیں، گزشتہ کئی برسوں سے جموں کشمیر اور جموں کشمیر سے باہر کی جیلوں میں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہار اور کئی دیگر جیلوں میں بند کچھ کشمیری قیدیوں کی صحت حالیہ دنوں بگڑ گئی اور اگر انہیں رہا نہیں کیا گیا تو کووِڈ کے معاملات میں اضافے کی وجہ سے یہ ان کے لئے مہلک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

یوسف تاریگامی نے کہا کہ ان میں سے کچھ بڑھاپے میں ہیں اور متعدد بیماریوں میں مبتلاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مناسب طبی امداد کی عدم موجودگی میں یہ قیدی بے بسی محسوس کرتے ہیں اور پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووِڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنا عقلمندی کا قدم ہوگا۔ یوسف تاریگامی کا کہنا تھا کہ جیلوں میں ایسے قیدی بھی ہیں جن کے خلاف معمولی جرائم ہیں اور جن کی نظربندی کا حکم عدالتوں کے ذریعہ متعدد بار منسوخ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور ایسے دوسرے قوانین کے تحت گرفتار متعدد افراد کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے انہیں رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ان کے اہل خانہ کی پریشانیوں کو بھی ختم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید سے قبل قیدیوں کو رہا کرنا حکومت کی طرف سے ایک اچھا قدم ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 932189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش