0
Wednesday 12 May 2021 18:22

اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کا لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج

اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، لیاقت بلوچ کا خطاب
اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کا لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل لاہور احمد سلمان بلوچ سمیت کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پریس کانفرنس اور میڈیا میں عوام سے بات کرتے ہیں مگر اہم مسائل پر خاموش رہتے ہیں، ہمیں کشمیر، افغانستان اور فلسطین پر دو ٹوک حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں نے نئے انداز سے جہاد کا اعلان کیا ہے، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، قبلہ اول دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے عزت و تقدس کا مرکز ہے، اسی مقام پر خاتم النبیین نے تمام انبیاء کی نماز کی امامت فرمائی، القدس اس وقت صہیونیت کے قبضے میں ہے، اس علاقہ میں لاوا پک رہا تھا، امریکی صدر ٹرمپ نے نیا دھوکے فریب کا نظام بچھایا اور اسرائیل کی دارالحکومت کو تبدیل کیا، فلسطینیوں نے اسے قبول نہیں کیا، پوری دنیا کے مسلمانوں کے اسے مسترد کر دیا۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے آغاز سے اسرائیل نے طے کیا کہ مسجد الاقصی میں نماز پڑھنے کے اجازت نہیں ہوگی، غیور فلسطینی اسرائیل کا منصوبہ ناکام بنانے کیلئے ڈٹ گئے اور بہادری کیساتھ نماز پڑھی، دنیا نے دیکھا کہ اسرائیلیوں نے مسجد الاقصیٰ کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی، تشدد کیا، واٹر کینن کا استعمال کیا اور پرانی آبادیوں پر حملہ کیا اور بمباری کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حماس، حزب اللہ نے اسرائیل پر ہاتھوں سے تیار کردہ مزائل داغے ہیں، اسرائیل میں کہرام مچا ہوا ہے، دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمان اور مسلم حکمران ہیں مگر المیہ ہے کہ یہ حکمران بے بسی کی تصویر ہیں، اسرائیل جو چاروں طرف سے مسلم ممالک میں گھرا ہے، اگر مسلم ممالک متحد ہو کر حملہ کر دیں تو اسرائیل ریزہ ریزہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیڑھ ارب مسلمان حکمران ابابیل کے منتظر ہیں، ترک حکمران اردگان نے درست کہا کہ اگر ابابیل آ جائیں تو یہ مسلم حکمرانوں پر کنکریاں برسائیں گے، اس وقت عالم اسلام کا اتحاد ناگزیر ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے اور اسرائیل کو ظلم کو رکا جائے، اور اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل کرائے۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اظہار یکجہتی ہم روزے میں کر رہے ہیں، مگر جن کیساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں وہ برستی گولیوں میں رب کی برتری کیلئے کھڑے ہیں، بار بار ہوتا ہے اسرائیلی ایسا کرتا رہتا ہے، ہم کبھی کشمیریوں کیلئے، کبھی بوسنیا کیلئے اور کبھی فلسطین کیلئے اظہار یکجہتی کر رہے ہوتے ہیں، اسرائیل عربوں کے سمندر میں معمولی سا جزیرہ ہے، فلسطینیوں نے جواب دیا، گھر کے بننے میزائلوں سے، اس وقت پوری دنیا بے حسی کا شکار ہے، ہم تمام مجاہدوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم بھی تمہارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خطے سے غاصب امریکہ، ہندوستان اور اسرائیل نکل نہیں جاتا اس وقت تک جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 932245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش