QR CodeQR Code

جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا

تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑیگا، شاہ محمود قریشی 

مسئلہ فلسطین پر پاکستان اسلامی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے

12 May 2021 16:29

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے بھی ملاقات کی، سیکرٹری جنرل او آئی سی سے ملاقات پر عمران خان نے امت مسلمہ کو یکجا کرنے کی بات کی فلسطین کے ایشو پر بات چیت کی گئی، ناموسِ رسالت پر بھی مشترکہ آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کے ظالمانہ حملوں پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کو انسانی حقوق کی پامالی پر فوری طور پر اجلاس بلانا چاہیئے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سے فلسطین کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، او آئی سی کو بھی فلسطین کے مسئلہ پر فوری اجلاس بلانا چاہیئے، تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا، جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا۔ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب نے بھی پوری طرح مذمت کی ہے۔ مسئلہ فلسطین پر پاکستان اسلامی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترکی اور سعودی عرب کے وزراء خارجہ سے بھی اس حوالے سے گفتگو ہوئی۔ سعودی عرب کے دورے سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، کچھ عناصر سعودیہ سے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، خلیج پیدا کرنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر ہم نے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کیا، دورہ سعودی عرب میں اہم امور پر بات چیت ہوئی، سعودی عرب سے بات چیت کے 3 دور ہوئے، ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

شاہ محمود نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ 5 معاہدے ہوئے ہیں، سعودی پاکستان اسٹریٹجک سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا، کونسل کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، سعودی عرب نے مزید 500 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا، سعودی وزیر خارجہ 2 گھنٹے کیلئے نہیں کم سے کم 2 دن کیلئے تشریف لائیں گے، سعودی عرب ویژن 2030ء کے تحت درکار ورک فورس کا ایک بڑا حصہ پاکستان سے لے گا، جس سے لاکھوں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ معاہدوں اور بات چیت کو آگے بڑھانے کے لئے پرنس محمد بن سلمان دوبارہ پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے بھی ملاقات کی۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی سے ملاقات پر عمران خان نے امت مسلمہ کو یکجا کرنے کی بات کی، فلسطین کے ایشو پر بات چیت کی گئی، ناموسِ رسالت پر بھی مشترکہ آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ یورپ میں 65 لاکھ مسلمانوں کو متحرک کیا جائے تو ہمارے موقف کو مزید تقویت ملے گی۔ اسلامو فوبیا کے حوالے سے ہمیں دانشمندی سے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف صرف وزیراعظم عمران خان نے آواز بلند نہیں کرنی۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ نواز شریف کی عدالت میں ضمانت دینے والے شہباز شریف اب ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف کو کوئی ایمرجنسی بھی نہیں ہے، شہباز شریف کو کیسز کا سامنا کرنا چاہیئے، شہباز شریف چلتے پھرتے ہیں، ٹھیک ٹھاک نظر آرہے ہیں، اب شہباز شریف کی بیماری کا جواز بنایا جا رہا ہے۔ اگر شہباز شریف چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا۔ شہباز شریف کی گارنٹی کا عدالت کو نوٹس لینا چاہیئے۔ پلیٹ لیٹس کا ایشو بنا کر نواز شریف چلے گئے اور تمام سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سکرٹیریٹ کے سنگ بنیاد کے بعد اب وزیراعظم عمران خان جلد جنوبی پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ملازمتوں کے علیحدہ کوٹہ کا اعلان کریں گے جبکہ سکرٹیریٹ کا قیام صوبے کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دورہ ملتان کے دوران 30 ارب کے میگا پروجیکٹ کا اعلان کیا، خاص طور پر سکرٹیریٹ کا قیام اس خطہ کے لیے بہت بڑا قدم ہے، جسے کوئی بھی رول بیک نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک عرصہ قبل ملازمتوں کے علیحدہ کوٹہ کے لئے اسمبلی میں پرائیویٹ ممبر کی حیثیت سے بل پیش کیا تھا، اس حوالے سے گذشتہ روز میری وزیراعظم عمران خان سے بنی گالا میں بات ہوئی اور یہ میرے بل کی پیش رفت ہے کہ وزیراعظم جلد جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں کے علیحدہ کوٹہ کا باضابط اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب جنوبی پنجاب کے فنڈز اپر پنجاب پر خرچ نہیں ہوں گے، یہ اصل میں انقلابی تبدیلیاں ہیں، جن کے اثرات جلد قوم کے سامنے ہوں گے۔ اب جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز جنوبی پنجاب سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرویز کا زیادہ دائرہ ملتان کے گرد گھومے گا اور ملتان مرکز ہوگا، کیونکہ اب موٹر وے کی وجہ سے شہروں میں فاصلے کم ہو رہے ہیں اور ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دورہ ایران نہایت کامیاب رہا، ایران میں ایکسپورٹ پر پابندی ہٹا دی گئی ہے۔ ہمارا کینو و دیگر اشیاء ایران جاسکیں گی۔


خبر کا کوڈ: 932248

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932248/تمام-مسلم-ممالک-فلسطین-کیلئے-آواز-اٹھائیں-گے-اس-سے-فرق-پڑیگا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org