QR CodeQR Code

عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

12 May 2021 20:38

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں سے بھی شہادت موصول ہو گی اس کو ضرور دیکھا جائے گا، فی الحال پورے ملک سے اب تک کہیں سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت شروع ہو گیا، ملک بھر سے شواہد کی بنیاد پر شوال کے چاند کی رویت سے متعلق اعلان ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ عید الفطرکا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئر مین مولانا عبد الخبیر آزاد کی سربراہی میں جاری ہے۔ عید الفطر کی رویت کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں جاری ہے۔ اسکے علاوہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہو رہے ہیں، جو چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی شہادتوں سے متعلق مرکزی کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔ دوسری طرف چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اجلاس جاری ہے جہاں کہیں سے بھی شہادت موصول ہو گی اس کو ضرور دیکھا جائے گا۔ میڈیا سے درخواست ہے اس بات کی خبر نا چلائی جائے جس سے غلط فہمی ہو، چاند کے حوالے سے ایسی کوئی خبر نہ چلائی جائے جس سے غلط فہمی پیدا ہو ابھی تک چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

اُدھر پشاور میں مفتی شہاب الدين پوپلزئی کی زير صدارت علمائے كرام پر مشتمل مقامی رويت ہلال كميٹی كا اجلاس بھی جامع مسجد قاسم علی خان ميں منعقد ہو رہا ہے، جس ميں چاند كی شہادتوں كی بنياد پر جمعرات 13 مئی كو عيدالفطر ہونے يا نہ ہونے كا اعلان كيا جائے گا۔ مفتی شہاب الدين پوپلزئی كميٹی كے ركن مولانا حسين احمد مدنی کے مطابق ہماری كميٹی چاند نظر آنے كی شہادتوں كی بنياد پر اپنے طور پر فيصلہ كرے گی، اگر ہميں شہادتيں موصول ہوئيں تو ان كی شرعی پركھ كے بعد ہی كوئی فيصلہ کیا جائے گا۔ اگر مركزی يا زونل رويت ہلال كميٹياں ہمارے ساتھ رابطہ كرتی ہيں تو ہم ضرور ان كے ساتھ تعاون كريں گے۔ پشاور میں چیئرمین زونل کمیٹی مولانا احسان الحق کی زیر صدارت زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال، جبکہ کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمئہ موسمیات کے دفتر میں ہو رہا ہے۔

کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی حافظ محمد سلفی کر رہے ہیں، جبکہ اجلاس میں قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال، مولانا صابر شریک ہیں، زونل کمیٹیاں شہادتوں سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کریں گی اور حتمی فیصلہ مرکزی کمیٹی کا ہو گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی ملک میں گزشتہ روز شوال کا چاند نہیں دیکھا جا سکا، جس کی وجہ سے بیشتر ممالک میں آج 30واں روزہ ہے اور عید الفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔ اس لئے پاکستان میں آج شوال کے چاند کی رویت کے امکان نہ ہونے کے برابر ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 932281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932281/عیدالفطر-کا-چاند-دیکھنے-کیلئے-مرکزی-رویت-ہلال-کمیٹی-اجلاس-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org