0
Wednesday 12 May 2021 21:12

شمالی وزیرستان میں آج عیدالفطر منائی گئی

شمالی وزیرستان میں آج عیدالفطر منائی گئی
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عیدالفطر آج منائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسو خیل میں گزشتہ روز کئی افراد نے شوال کے چاند کی گواہی دی تھی، جس پر آج شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عیدالفطر منائی گئی۔ شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میران شاہ، کم سروبی، میر علی غلام خان، سیدگی، منظر خیل، بویہ لانڈ، اور سید آباد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان میں چاند نظر آنے سے متعلق گواہی دینے والوں اور بدھ کو عید کا اعلان کرنے پر مقامی جامع مسجد کے امام مولانا فقیر نواز سمیت دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے تاہم ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عام طور پر قبائلی ضم اضلاع اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں عیدین پاکستان کے دیگر علاقوں سے ایک روز قبل منائی جاتی ہیں تاہم اس مرتبہ شمالی وزیرستان کے علاوہ کہیں بھی عید نہیں منائی گئی، یہاں تک کہ سعودی عرب سمیت مختلف خلیجی ممالک، مشرق وسطیٰ، مشرق بعید اور امریکا میں بھی عید جمعرات کو منائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 932290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش