0
Wednesday 12 May 2021 21:47

پشاور، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی

پشاور، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کے اسرائیل ایک ناجائز، غاصب اور دہشت گرد ریاست ہے، جو فلسطین پر اپنا تسلط قائم کرنے کے لیے معصوم فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ رمضان کے اس بابركت مہینے میں مسجد اقصیٰ کے اندر عبادت کرنے والے مسلمان مرد خواتین، بوڑھوں، بچوں پر انسانیت سوز تشدد نے اس کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام چوک یادگار پشاور میں ’’مردہ باد اسرائیل‘‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، اس کا تحفظ حرمین شریفین کا تحفظ ہے، اسرائیلی دہشت گردی پر عالمی دنیا کی خاموشی اور چشم پوشی افسوس ناک ہے۔ مسلم ممالک فورا او آئی سی کا اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیں۔ فلسطینی عوام کی لازوال اور انتھک جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، پوری امت مسلمہ کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اگر سوچ رہے ہیں تو ایسے خیالات ذہن سے نکال دیں اس کی اجازت پاکستانی عوام نہیں دینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 60 آزاد مسلم ممالک کے سربراہان آج امت کی ترجمانی سے قاصر ہیں، جن کی بزدلی کی وجہ سے ڈیڑھ ارب مسلمان چند لاکھ اسرائیلیوں کے سامنے بے بس ہیں۔ مسلم ممالک کے بادشاہ ہوں یا منتخب حکمران سب امریکا اور مغرب کی غلامی اور تابعداری میں مصروف ہیں۔ یہ حکمران عوام کی ترجمانی نہیں کرتے۔ نہتے فلسطینی 70 سالوں سے امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک طبقہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرتا ہے، انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ایسی سوچ ذہن سے نکال دیں، پاکستانی عوام بیت المقدس کو اپنا ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سامراج کو تحفظ دینے کا کام کر رہا ہے اور اسرائیلی جارحیت، دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ فوراً او آئی سی کا اجلاس بلا کر ایک ٹھوس اور متفقہ لائحہ عمل پیش کریں۔
خبر کا کوڈ : 932294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش