0
Wednesday 12 May 2021 22:19

علامہ ساجد نقوی کا عیدالفطر کو سادگی اور تجدید عہد القدس کے طور پر منانے کا اعلان

علامہ ساجد نقوی کا عیدالفطر کو سادگی اور تجدید عہد القدس کے طور پر منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مختلف مذاہب، معاشروں، تہذیبوں اور خطوں میں عید کا تصور مختلف اور جدا ہے جس کے بعض پہلووں سے اتفاق اور بعض سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، اگرچہ عید کا عمومی اور دنیاوی تصور فقط خوشی، نشاط، سرگرمی، گرمجوشی اور مسرت کے ساتھ مربوط نظر آتا ہے۔ لیکن اسلام میں عید کا تصور قدرے حسین، مسحور کن، جاذب اور دنیوی و اخروی لحاظ سے فائدہ مند بنایا گیا ہے۔ مسلمانوں کے ہاں عید کے موقع پر بھرپور زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے خداتعالیٰ کی عبودیت اور اس کی نعمات کا شکر ادا کیا جاتا ہے اور ایسے امور سے مکمل پرہیز اختیار کرنے کا عہد کیا جاتا ہے جنہیں حرام قرار دیا گیا ہے۔ مومن کے لئے ہر وہ دن روز عید قرار پایا ہے جس روز وہ معصیت خدا نہ کرے۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عید کا دن اپنے محاسبے اور احتساب کا دن ہے۔ اس روز اگر ہم اپنے گذشتہ سال کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا جائزہ لیں اور اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کریں تو ہم خود احتسابی کا عمل جاری کرکے اپنی ذاتی اور معاشرتی اصلاح کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں اور پھر دنیا کو حسین جنت بناسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت عالم اسلام اس بار عید الفطر ایسے عالم میں منا رہے ہیں جب ایک وبائی مرض کا سامنا ہے جس کا مقابلہ طبی حوالوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ممکن ہے اور اسی طرح اس سے متاثرہ خاندان اور اس وبا کے سبب کسی بھی حوالے سے متاثر ہونے والے افراد امداد، ہمدردی اور دلجوئی کے زیادہ مستحق ہیں چنانچہ امت مسلمہ حقوق العباد کے فریضے سے کسی طور بھی غافل نہ ہو۔ عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ابھی افغانستان میں کم سن طالبات کی سسکیاں تھمی نہ تھیں کہ ارض فلسطین سے بھی آہ و بکا کی آوازیں سنائی دینے لگیں، 27 رمضان المبارک سے آخری اطلاعات تک اسرائیل کی نہتے فلسطینی عوام، نمازیوں، بچوں، بزرگوں پر مظالم جاری ہیں، ایسے عالم میں عید الفطر کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں، پورے عالم اسلام میں سوگ و غم کی سی کیفیت ہے، نماز عید و جمعہ کے اجتماعات میں مظلوم فلسطینیوں، کشمیریوں سمیت تمام مظلوموں کو یاد رکھا جائے، القدس کی آزادی کے لئے خصوصی و اجتماعی دعاووں کا اہتمام کیا جائے اور فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم عید کو القدس کے ساتھ تجدید عہد کے طور پر منایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی امت مسلمہ کا متفقہ پلیٹ فارم ہے، اسے صرف رسمی اجلاس کی بجائے عملی اقدام اٹھانا ہوگا، او آئی سی حقیقی معنوں میں نمائندگی کا حق ادا کرے کیوں کہ یہ وقت اسی بات کا متقاضی ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے سانحہ کابل کے شہداء کے خانوادوں اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ غم اور مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم آپ کے غم میں نہ صرف برابر کی شریک ہے بلکہ فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کرونا وائرس کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور کورونا وائرس سے خود بچنے اور دوسروں کو بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کورونا وائرس سے متاثرین، مستحق نادار افراد کی بھرپور امداد کریں۔
خبر کا کوڈ : 932295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش