QR CodeQR Code

عمران خان کی کرپشن کیخلاف مہم قوم کے ساتھ فراڈ ہے، بلاول بھٹو زرداری

12 May 2021 22:16

ایک بیان میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ فراڈ ہے، مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ فراڈ ہے، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی انتقام کیلئے منی لانڈرنگ اورکرپشن کا جھوٹا واویلا کیا اور ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ شرمندگی کا مقام ہے پاکستان فیٹف گرے لسٹ سے نہ نکل سکا، پیپلز پارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی تھی اگر عمران خان اس پر ہی عمل کرلیتے تو ملک کا فائدہ ہوجاتا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا تھا، اسے بھی عمران خان نے داؤ پر لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ فراڈ ہے، مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی مسلسل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی رہی مگر حکومت نے ایسا نہ کیا اور معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات پڑے۔ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں وزیراعظم کی قوم سے ٹیلی فونک گفتگو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم صاحب، فون پر ہیلو ہیلو کے ڈرامے سے منہگائی ختم نہیں ہوسکتی۔


خبر کا کوڈ: 932298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932298/عمران-خان-کی-کرپشن-کیخلاف-مہم-قوم-کے-ساتھ-فراڈ-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org