QR CodeQR Code

ملک بھر میں آج عید الفطر منائی جائے گی

13 May 2021 01:34

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں وزارت سائنس، اسپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ پانچ گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے آج بروز جمعرات 13 مئی کو عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا، کمیٹی کو 21 مرکزی 6 زونل شہادتیں موصول ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں وزارت سائنس، اسپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ پانچ گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان بھر سے 21 مرکزی 6 زونل شہادتیں موصول ہوئیں۔ جس کی بنیاد پر عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ گلے ملنے اور مصافحہ سے بھی گریز کریں، عید الفطر کے اجتماعات میں ایس او پیز کو فالو کریں۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ہم فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر گولیاں چلانے کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری کو مقبوضہ بیت المقدس میں نہتے فلسطینیوں پر گولیاں چلانے کا نوٹس لیا جانا چاہیئے، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔ پشاور میں چیئرمین زونل کمیٹی مولانا احسان الحق کی زیر صدارت زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال، جبکہ کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس  محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی اسے دیکھا جاسکتا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات نہیں، تاہم ماہ شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کی رات 12 بجکر ایک منٹ پر ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج عید الفطر منائی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 932331

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932331/ملک-بھر-میں-ا-ج-عید-الفطر-منائی-جائے-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org