QR CodeQR Code

وزیراعظم کا محمود عباس کو فون، فلسطینی عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ

13 May 2021 17:54

ٹیلیفونک بات چیت میں وزیراعظم نے فلسطینی صدر محمود عباس کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی اور بحرانی صورتحال کے دوران پاکستانی قیادت کی جانب سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے پاکستان کی طرف سے ملنے والی حمایت کا خیر مقدم کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس کیساتھ ٹیلیفونک رابطے کے دوران فلسطینی عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا، رابطے کے دوران فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کے لئے پاکستان کی جانب سے مستقل حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ظالم اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر ہونے والے حملے پر مذمت کی اور غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد بچوں سمیت سویلین شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مل کر مسئلہ فلسطین پر فوکس کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے فلسطینی صدر محمود عباس کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی اور بحرانی صورتحال کے دوران پاکستانی قیادت کی جانب سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے پاکستان کی طرف سے ملنے والی حمایت کا خیر مقدم کیا اور غزہ اور مسجد اقصیٰ پر ہونے والے پر پاکستانی قیادت کے ردعمل اور اس کے بیانات کی تعریف کی۔ محمود عباس نے وزیر اعظم عمران خان کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا اور آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے ترک صدر رجب طیب اردوان اور شاہ سلمان کیساتھ ٹیلیفونک رابطے ہوئے تھے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا ہے، دونوں ممالک نے اسرائیل کی طرف سے رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ پر حملے اور غزہ پر ہونے والے بدترین حملوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے واقعات کو عالمی قانون اور انسانیت کیخلاف قرار دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے عزم کا اظہار کیا کہ مل کر مظلوم فلسطینیوں پر حملے رکوانے کے لیے اس مسئلے کو مل کر اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلٰی سطح کے تبادلے کی رفتار جاری رہے گی۔ دونوں رہنما اس بات پر متفق ہوئے کہ مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مل کر اقدامات اٹھائیں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم عمران خان نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔

ترکی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے افغانستان میں انخلا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے لئے سیاسی حل کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ٹیلی فون پر عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ خطے کی صورتحال پر بالعموم اور اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں اور مسجد الاقصی پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے بطور خاص تبادلہ خیال کیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے مؤقف کا اعادہ کیا جس میں فلسطینی عوام کی جانب سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تائید کی گئی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 932393

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932393/وزیراعظم-کا-محمود-عباس-کو-فون-فلسطینی-عوام-کی-جدوجہد-مکمل-حمایت-کے-عزم-اعادہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org