0
Thursday 13 May 2021 22:53

بھارت اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالے، ملی قائدین کی مودی حکومت سے اپیل

بھارت اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالے، ملی قائدین کی مودی حکومت سے اپیل
اسلام ٹائمز۔ فلسطین میں جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کے مسلمانوں کے نمایاں اداروں کے ذمہ داروں نے مودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل پر دباؤ ڈال کر اسے جارحیت سے روکےـ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، جمیعت علمائے ہند، جماعت اسلامی ہند، دارالعلوم وقف دیوبند، آل انڈیا ملی کونسل نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم مسجد اقصی، بیت المقدس، غزہ اور فلسطین کے دیگر مقامات پر اسرائیلی فوجوں کی جارحیت اور وحشیانہ حملوں اور مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جارحیت اسرائیل کے مستقل دہشتگردی پر مبنی منصوبوں کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ پر تشدد کاروائیوں کے ذریعے فلسطینیوں کے علاقے خالی کراتا ہے اور وہاں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے یہودی آبادکاروں کو بساتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس وقت یروشلم کا علاقہ شیخ جراح خالی کرانے کی نامنصفانہ اور ظالمانہ مہم چل رہی ہے اور اس کے لئے بڑے پیمانے پر بچوں، بوڑھوں، عورتوں کے بشمول عام شہریوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فلسطینیوں کو اس طرح زبردستی ان کے گھروں سے نکالنے کی کارروائی انسانی حقوق کے تمام اصولوں کی پامالی ہے۔

بھارت کے مسلمانوں کے نمایاں اداروں کے ذمہ داروں کے بیان کے مطابق اسرائیل نے آگے بڑھ کر جس طرح مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا اور نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور آگ زنی کی کوشش کی، اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو شدید تکلیف پہنچی ہے۔ مسجد اقصی مسلمانوں کے لئے تیسری مقدس ترین جگہ ہے۔ اس جگہ سے ہمارے مذہبی جذبات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس مقام پر ظلم و بربریت کی اس کارروائی کی پوری مہذب دنیا کو شدید مذمت کرنی چاہیئے۔ غزہ پر جارحانہ فضائی حملے کے ذریعہ صورتحال کو اور دھماکہ خیز بنانے کی مذموم کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی یہ ساری کارروائیاں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی برادری کے موقف سے واضح انحراف ہے، اس سے یہ بات پھر ایک بار ثابت ہوگئی ہے کہ اسرائیل، مہذب دنیا کے جذبات اور عالمی موقف کی کوئی پروا نہیں کرتا۔ موجودہ وبا کے زمانے میں، اپنے ناپاک اور غیر قانونی توسیع پسند منصوبے کے لئے، اسرائیل کی یہ وحشیانہ کاروائیاں، پوری انسانیت کے خلاف سنگین جرم کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ اپنا رول ادا کرے اور قراردادوں اور بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ اسرائیل کو روکنے کی ٹھوس کارروائی کرے۔
خبر کا کوڈ : 932416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش