QR CodeQR Code

زمینی جنگ کی صورت میں اسرائیل کا بھاری جانی نقصان ہوگا، اسلامک جہاد کا انتباہ

14 May 2021 06:32

فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم اسلامک جہاد کے ملٹری ونگ نے غاصب صہیونی رژیم کو خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر زمینی جارحیت کی صورت میں اسے بھاری جانی نقصان برداشت کرنا پڑیگا اور بڑی تعداد میں اسکے فوجی قیدی بھی بنا لئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم اسلامک جہاد کے ملٹری ونگ "القدس بٹالینز" کے ترجمان ابو حمزہ نے اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسلامی مزاحمت کو ایسی چیز کی دھمکی نہ دے، جس میں ہماری فتح حتمی ہے۔ انہوں نے کہا: "ہمارے مجاہدین اور اسلامی مزاحمتی گروہ غاصب صہیونی فوج کے مقابلے میں اعلیٰ درجے کی جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کریں گے اور زمینی جنگ کی صورت میں ہمارے کمانڈرز سب سے پہلے اور سب سے آگے موجود ہوں گے۔" ابو حمزہ نے مزید کہا: "ہم ایک بار پھر اپنی مجاہد اور صابر ملت پر فخر کرتے ہیں، جس نے عیدالفطر کے دنوں میں خون اور شہادت کا رنگ دیکھا ہے اور دشمن کے خلاف جنگ میں ہمارا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے قدس شریف اور مسجد اقصیٰ پر اپنے پیاروں کی جانیں قربان کر رہی ہے۔"

القدس بٹالینز کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی جارحیت ہرگز اسلامی مزاحمت کی اسٹریٹجی تبدیل نہیں کرسکتی اور اسے عبرتناک شکست کھا کر میدان چھوڑنا پڑے گا۔ ابو حمزہ نے مزید کہا: "اسلامی مزاحمت پہلے کی طرح طاقتور اور مستحکم باقی رہے گی۔" انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی رژیم کی جانب سے سینکڑوں فضائی حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی وسیع تباہی کے باعث ہم ملت فلسطین کے فرزندوں کا دفاع کرنے کا بھرپور حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: "ہم دشمن کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر وہ زمینی جنگ کا ارادہ رکھتا ہے تو یہ ہمارے لئے واضح اور یقینی فتح تک پہنچنے کا بہترین راستہ قرار پائے گی۔ ہم تمہیں دکھا دیں گے کہ کیسے فوجی ٹریننگ کے دوران حاصل کی گئی صلاحیتیں میدان جنگ میں بروئے کار لاتے ہیں۔"

القدس بٹالینز کے ترجمان ابو حمزہ نے کہا: "زمینی جنگ کی صورت میں دشمن کے فوجیوں کی قسمت میں یا تو موت ہوگی یا ہمارے ہاتھوں قیدی بن جانا ہوگا۔ لہذا ہمیں ایسی چیز سے مت ڈراو جس میں ہماری فتح پوشیدہ ہے۔" انہوں نے صہیونی دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا: "ہم ایک بار پھر اپنے احمق دشمن کو خبردار کرتے ہیں کہ غزہ ایسی جگہ ہے، جس کے بارے میں سوچ کر تمہیں پچھتاوا ہوگا۔ تم اس بارے میں غسان علیان (دروزی اقلیت سے وابستہ صہیونی جنرل) اور اس کے سپاہیوں سے پوچھ سکتے ہو کہ جب زمینی جنگ کے دوران غزہ میں پیشقدمی کا ارادہ رکھتے تھے تو ان کے ساتھ کیا ہوا؟" یاد رہے کہ غاصب صہیونی فوج نے آج جمعہ 14 مئی کے دن اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ پر زمینی جارحیت شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرچکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 932450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932450/زمینی-جنگ-کی-صورت-میں-اسرائیل-کا-بھاری-جانی-نقصان-ہوگا-اسلامک-جہاد-انتباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org