0
Friday 14 May 2021 20:36

ملی یکجہتی کونسل نے اتوار کو اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کی کال دیدی

ملی یکجہتی کونسل نے اتوار کو اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کی کال دیدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی دینی جماعتوں کے اتحاد ملی یکجہتی کونسل نے اتوار 16 مئی کو فلسطینیوں پر صہیونی ریاست کے وحشیانہ مظالم کیخلاف ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔ کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور دیگر مرکزی رہنماؤں، جن میں سراج الحق (امیر جماعت اسلامی پاکستان)، علامہ سید ساجد علی نقوی (سربراہ شیعہ علماء کونسل)، علامہ راجہ ناصر عباس (سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین)، پیر سید ہارون علی گیلانی (امیر ہدیۃ الہادی پاکستان)، شجاع الدین شیخ (امیر تنظیم اسلامی)، مولانا عبدالغفار روپڑی (امیر جماعت اہلحدیث)، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری (امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث)، ثاقب اکبر (چیئرمین البصیرہ)، صاحبزادہ پیر رحیم الدین نقشبندی (جمعیت علماء اسلام سینیئر)، خرم نواز گنڈاپور (ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، مفتی گلزار احمد نعیمی (صدر جماعتِ اہلِ حرم پاکستان)، پیر غلام رسول اویسی (سربراہ تحریک اویسیہ پاکستان)، پیر صفدر شاہ گیلانی (سیکرٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان)، علامہ عارف حسین واحدی (سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان) اور سید اسد عباس نقوی (سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین) شامل ہیں۔

رہنماوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اسلامیانِ پاکستان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے انسانی اور اسلامی فریضے کو ادا کرتے ہوئے صہیونی مظالم کیخلاف احتجاج کے لیے اُٹھ کھڑے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کُشی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عالمی استعماری طاقتیں بڑی ڈھٹائی سے غاصب اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں، امریکہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں رکاوٹ بنا ہوا ہے، تاکہ اسرائیل زمین و آسمان سے فلسطینیوں پر آگ برسا سکے، اسرائیل نے زمینی حملے کی بھی دھمکی دی ہے، ایسے میں بیدار انسانی ضمیر خاموش نہیں رہ سکتا، قبلہء اول کی حفاظت اور آزادی، عالمِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بیان میں فلسطینیوں بالخصوص غزہ اور بیت المقدس کے مسلمانوں کی پامردی اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ سبھی آزادی پسندوں، ظلم سے نفرت کرنیوالے اہلِ وطن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس وحشت اور بربریت کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 932455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش