0
Friday 14 May 2021 15:16

پاکستان چاہتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو، طاہر اشرفی

اقوام متحدہ کتے کو خراش آنے پر بولتا ہے لیکن انسانی شہادتوں پر خاموش ہے
پاکستان چاہتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ رؤیت ہلال کمیٹی کا فیصلہ شرعی حیثیت رکھتا ہے، جن لوگوں کو فیصلہ پر اعتراض تھا، انہوں نے بھی اسی فیصلے کو مانا۔ حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں بحریہ ٹاؤن کی جامعہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج علماء مشائخ کونسل کی آواز پر یوم فلسطین منایا جا رہا ہے، اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس طلب کروایا تھا، جو اب بلا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں اسلامی تنظیم سے اجلاس بلانے کی اپیل کی تھی۔ پاکستان اسلامی تنظیم سے ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو، ہر سال یہی کچھ ہوتا ہے، قیامت برپا ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے سعودی فرمانروا اور فلسطین کے سفیر سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے عالم اسلام کو پیغام دیا ہے کہ اب متحد ہو کر آگے بڑھیں، اقوام متحدہ کتے کو خراش آنے پر بولتا ہے لیکن انسانی شہادتوں پر خاموش ہے، اُمید کرتے ہیں کہ اسلامی تعاون تنظیم کا جو اجلاس بلایا گیا، اس میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر اب آگے بڑھے گی، آج پوری قوم نے اپنے فلسطینی بھائیوں کو پیغام دیا ہے کہ ہمارا دل و روح آپ کیساتھ ہیں، جیسے حرمین شریفین جان سے زیادہ عزیز ہیں، ویسے ہی مسجد اقصیٰ بھی عزیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جمع کریں گے، تمام لوگوں کو فلسطینیوں کے مسئلہ پر جمع کرکے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے، جب سب جائیں گے اور مسجد اقصیٰ میں نوافل ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بھی سعودی عرب اور پاکستان کے کہنے پر بلایا گیا ہے او آئی سی کی قیادت سعودی عرب کے پاس ہے، اُمید ہے فلسطین کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 932480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش