QR CodeQR Code

نون لیگ کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف نظرثانی درخواست نہ کرنیکا اعلان

14 May 2021 15:20

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کیجانب سے غیر قانونی سمری جاری کی گئی، عید کے دن توہین عدالت کی گئی، توہین عدالت عمران خان کے حکم پر کی گئی، عمران خان شہباز شریف کے خوف میں مبتلا ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کئے جانے کے خلاف وزارت داخلہ کو نظرثانی درخواست نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے کسی منصوبے میں کرپشن نہیں کی، انہیں عدالت نے باہر جانے کی اجازت دی، شہباز شریف کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت مل چکی ہے، شہباز شریف کو ایئرپورٹ پر روکا گیا، انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی اور وجہ بتائی کہ نوٹ پیڈ اپ ڈیٹ نہیں ہے، اس لئے جانے نہیں دیا جا سکتا، شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے یہ سپریم کورٹ گئے لیکن وہاں بھی ان کی نہ سنی گئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے غیر قانونی سمری جاری کی گئی، عید کے دن توہین عدالت کی گئی، توہین عدالت عمران خان کے حکم پر کی گئی، عمران خان شہباز شریف کے خوف میں مبتلا ہیں، چھٹی والے دن امیگریشن، ایف آئی اے، نیب کے دفاتر کھولے گئے، یہ معاملہ اب شہباز شریف یا مسلم لیگ (ن) کا نہیں بلکہ لاہور ہائی کورٹ اور حکومت پاکستان کا ہے، یہ جمہوریت، پاکستان اور عدلیہ کے لیے خوف ناک مرحلہ ہے، عدالت کو عمران خان، شہزاد اکبر اور وزارت داخلہ کو بلا کر پوچھنا چاہیئے کہ کیوں عید والے دن غیر قانونی سمری سرکولیٹ کی گئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15 روز میں اپیل کی مدت کا اطلاق اس وقت ہوتا ہے، جب عدالتی حکم نہ ہو، ہم وزارت داخلہ میں نظرثانی کی درخواست نہیں دیں گے، اب نظرثانی حکومت کو کرنی ہے، اب عدالت اور سپریم کورٹ کو نوٹس لینا ہے۔


خبر کا کوڈ: 932483

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932483/نون-لیگ-کا-شہباز-شریف-نام-سی-ایل-میں-ڈالنے-کیخلاف-نظرثانی-درخواست-نہ-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org