0
Friday 14 May 2021 19:02

اسرائیل کا یوم حساب قریب آچکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

اسرائیل کا یوم حساب قریب آچکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان آج مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں، اسرائیل غاصب نے گزشتہ ستر سال سے فلسطین میں جو مظالم ڈھائے ہیں اس کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی، ایک قوم کی سرزمین پر قبضہ کیا پھر انہیں زبردستی اپنے گھروں سے نکالا اور پھر ان پر ظلم و تشدد کی انتہا کردی، اب اسرائیل کا یوم حساب قریب آچکا ہے، مسجد اقصی اور قدس کے وارث دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمان ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل غاصب اور جعلی ریاست ہے جسے دنیا کے غیرت مند مسلمان اور اقوام عالم تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں، عرب حکمران اگر بیت المقدس اور قبلہ اول کا سودا کرتے ہوئے امت مسلمہ سے خیانت کے مرتکب ہو رہے ہیں تو یہ ان ممالک کے عوام کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ غیر منتخب غیر جمہوری اور ناجائز حکمرانوں کا فیصلہ ہے جو اسرائیل اور امریکہ کے سامنے سجدہ ریز ہو چکے ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ 39 اسلامی ملکوں کا نام نہاد لشکر کہاں ہے، ان بزدلوں کو کوئی بتائے کہ قبلہ اول بیت المقدس جل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل آج تاریخ کی کمزور ترین پوزیشن پر ہے جب کہ آزادی بیت المقدس کے لئے فلسطینیوں کے شانہ بشانہ دنیا بھر کے غیرت مند مسلمان قربانی دے رہے ہیں، جن عظیم شہدا نے القدس کی آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرکے بائیس کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کی گئی ہے مگر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان زبانی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی طور پر فلسطینی عوام اور مجاہدین فلسطین کی مدد کرے۔
خبر کا کوڈ : 932508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش