0
Friday 14 May 2021 22:16

مودی حکومت کورونا بحران کے مددگاروں کا گلا گھونٹ رہی ہے، کانگریس

مودی حکومت کورونا بحران کے مددگاروں کا گلا گھونٹ رہی ہے، کانگریس
اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر پولیس کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا بحران میں مدد کرنے والے یوتھ کانگریس کے صدر شری نیواس بی وی کو بلا وجہ تنگ کرکے ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج ایک پریس کانفرنس میں نریندر مودی اور امت شاہ کو جم کر ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ان کے دور اقتدار میں پولیس انتظامیہ کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور عوام کی مدد کرنے والوں کو روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی و امت شاہ کی حکومت میں پولیس کا بول بالا ہے اور کورونا جیسے سخت ترین بحران میں دست تعاون فراہم کرنے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا کے سبب تباہی بپا ہے اور ایسے میں شری نیواس کے گھر پر چھاپہ ماری کرنا غیر مناسب اور شرمناک ہے۔ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت جان بوجھ کر شری نیواس کو نشانہ بنا رہی ہے اور عوامی خدمت کرنے کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کے لوگ جب کورونا متاثرین کو آکسیجن یا دوائیں پہنچاتے ہیں، ایمبولینس لے کر مریضوں کو اسپتال پہنچاتے ہیں، شمشان گھاٹ میں آخری رسومات کی ادائیگی میں مدد کرتے ہیں تو دہلی پولیس کے افراد چن چن کر اسن کانگریس کے کارکنان کو تنگ کرتی ہے۔ انہوں نے اسے مودی حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا اور کہا کہ مودی کو سمجھ لینا چاہیئے کہ کانگریس پارٹی کے لیڈر اور اس کے کارکن اس طرح کی حرکت سے نہ ڈریں گے اور نہ ان کی ہمت و حوصلہ میں ذرہ برابر تزلزل آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 932514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش